بدھ, مئی 13, 2026

ہری پور سے تعلق رکھنے والے انگریزی اخبارات کے مایہ ناز رپورٹر مقبول الہی ملکؒ کون تھے ؟

ہری پور : ہری پور کے علاقے منگ سے تعلق رکھنے والے ملک محبوب کے فرزند مقبول الہی ملک گزشتہ ہفتے انتقال کر گئے ، جن کی تدفین اسلام آباد ایچ الیون قبرستان میں کی گئی ۔ ان کے سوگواران میں ان کی اہلیہ ، بیٹی اور دو بیٹے شامل ہیں ۔ 

مقبول الہی ملک ہری پور کے علاقے منگ میں ملک محبوب کے گھر پیدا ہوئے ، ان کے والد ملک محبوب سیاسی قد کاٹھ کی وجہ سے اہل علامہ میں نمایاں مقام رکھتے تھے اور ایوب خان کے دور میں 10 برس مسلسل چیئرمین منتخب رہے ہیں ۔ ان کا تعلق منگ کی معروف کھٹانہ گجر فیملی سے تھا ، ملک مقبول الہی کے نانا ملک عبدالستار کو چیف آف گجر کے نام سے جانا جاتا تھا ، وہ دراز قدو قامت اور لحیم شخیم جُثہ کی وجہ سے علاقے میں معروف تھے ۔

مقبول الہی ملک نے میٹرک ہری پور سے کی ، اس کے بعد ایچ ایٹ ہاسٹل میں رہ کر اسلام آباد کالج میں تعلیم حاصل کی ، جس کے بعد قائداعظم یونیورسٹی میں اعلی تعلیم مکمل کی ، اس کے بعد عملی زندگی میں مقبول الہی ملک پشاور میں صحافت کے شعبہ سے منسلک ہو گئے ۔

مقبول الہی ملک پشاور سے صحافت کا آغاز کرنے کے بعد اسلام آباد چلے گئے ، جہاں انہوں نے 1980 میں اپنا ایک ادارہ بنایا جس میں انگریزی اخبارات کی مخصوص خبروں کی کٹنگ کر کے اسے ٹرانسلیٹ کرنے کے بعد اس کو سفارت خانوں کو پہلی بار مفت اور بعد ازاں اس کی سبسکرپشن دیتے تھے ۔ کچھ عرصہ اس کام سے وابستہ رہنے کے بعد انہوں نے 1982 میں روزنامہ حیدر راولپنڈی کو بطور سب ایڈیٹر جوائن کیا ۔

بعد ازاں مقبول الہی ملک روزنامہ حیدر راولپنڈی سے پی پی آئی میں چلے گئے ، جس کے بعد وہ صحافت کی دنیا میں مسلسل آگئے ہی بڑھتے چلے گئے ۔ انہوں نے ڈیلی دی مسلم ، پاکستان ابزرور ، ڈان نیوز ، دی نیشن ، اور بعض غیر ملکی میگزینز اور خبر رساں ایجنسیوں کے لئے رپورٹنگ بھی کی ہے ۔

مقبول الہی ملک 2009 سے 2011 کے دوران دی نیشن سے وابستہ رہے ۔ اس دوران انہوں نے اپنے آبائی علاقے سے متعلق ایک اسٹوری فائل کی ، اس تحقیقاتی اسٹوری کے بعد وہ بہت خوش تھے اور اس اسٹوری سے متعلق ان کا خیال تھا کہ انہوں نے ہری پور کی دھرتی کا قرض اتار دیا ہے ۔ مقبول الہی ملک ریڈیو پاکستان کے کرنٹ افیئر کے پروگرام میں شریک ہوتے اور لکھنے کی طرح خوبصورت گفتگو بھی کرتے تھے ۔

مقبول الہی ملک لگ بھگ 64 برس کی عمر میں اس وقت انتقال کر گئے جب کہ ہری پور منگ کے علاقے میں گندم کی کٹائی و تھریشر کرا رہے تھے ، ان کے ملازمین کے مطابق انہیں ہارٹ اٹیک ہوا ، ہسپتال لے جایا گیا ، تاہم ڈاکٹروں نے مقبول الہی ملک کے انتقال کی تصدیق کر دی تھی ۔

جس کے بعد ان کی اہلیہ میت اسلام آباد منتقل کیا گیا اور ان کا نماز جنازہ اتوار کی شام سوا 5 بجے مسجد علی المرتضی سے متصل گراؤنڈ میں ادا کی گئی اور بعد ازاں ان کی تدفین سبزی منڈی کے قریب ایچ ایٹ قبرستان میں کر دی گئی ۔

اس حوالے سے روزنامہ ڈان کے رپورٹر اور ہری پور یونین آف جرنلسٹ کے صدر محمد صداقت خان کا کہنا ہے کہ ان کی مقبول الہی ملک سے بڑی یاد اللہ تھی ، وہ اکثر میری ڈان کی اسٹوریز کو پڑھتے اور ریویو بھی دیتے تھے اور عوامی و دیگر مسائل پر کئی کئی دیر تک گفتگو کرتے اور گائیڈ لائن دیتے تھے ، ان سے ہمارے خاندانی مراسم تھے کیوں کہ ان کے بھائی نوازش ملک اور میں کلاس فیلو بھی ہیں ۔ تاہم ان کی رحلت کا سن پر انتہائی افسوس ہوا اور یوں قومی بلکہ عالمی سطح پر صحافت میں نام بنانے والا ہری پور کا ایک شاہکار شخص ہم سے جدا ہو گیا ہے ۔ اللہ کریم ان کی کامل مغفرت فرمائے ۔

عظمت خان
عظمت خانhttps://www.azmatnama.com/
عظمت خان ، کراچی بیسڈ صحافی ہیں ، 2 کتابوں کے مصنف ہونے کے ساتھ ساتھ کراچی یونیورسٹی میں ابلاغ عامہ میں ایم فل کے طالب علم ہیں ۔ گزشتہ 12 برس سے رپورٹنگ کر رہے ہیں ۔ ان کی رپورٹنگ فیلڈ میں تعلیم و صحت ، لیبر ، انسانی حقوق ، اسلامی جماعتوں سمیت RTI سے معلومات تک رسائی جیسی اہم ذمہ داریاں شامل ہیں ۔ 10 برس تک روزنامہ امت میں رپورٹنگ کرنے کے بعد اب ڈیجیٹیل سے جرنلزم کر رہے ہیں
متعلقہ خبریں

مقبول ترین

متعلقہ خبریں