کراچی : میڈیا مالکان کے ذریعے مبینہ منی لانڈرنگ کا نیٹ ورک بے نقاب ہو گیا ہے اور ایف آئی اے نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے (HUM NEWS) کے کمپنی سیکرٹری محسن نعیم کو طلب کر لیا ہے، جب کہ میڈیا ڈیجٹل مارکٹنگ کمپنی (Z2C) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ریحان علی مرچنٹ نے ایف آئی اے کے نوٹس کے جواب میں اپنی لیگل ٹیم کے زریعے ریکارڈ بھیجنا شروع کر دیا ہے ۔
تحقیقات ڈاٹ کام کی رپورٹ کے مطابق آئی سی سی ورلڈ کپ کے دوران اشتہارات کے لئے مارکٹنگ کمپنی کا دبئی کی کمپنی (Ten Sports Fze LLc) سے ایک ارب روپے سے زائد مالیت کا معاہدہ ہوا ، جس کی رقم پاکستان میں ایک کمپنی (Tower Sports) کو ہوئی اور ایک کروڑ یو اے ای درہم حوالہ کے زریعے کئے گئے جنہیں (JS Bank) کی زم زمہ برانچ سے تقسیم کیا گیا ۔
ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل کراچی نے Hum News کے کمپنی سیکرٹری محسن نعیم کو نوٹس کے زریعے بدھ کو طلب کر لیا ہے ۔ جس میں ان سے ریکارڈ طلب کیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ اس سے قبل اسی کیس میں ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل نے Z2C کے سی ای او ریحان علی مرچنٹ کو دو نوٹسسز جاری کیے تھے جس کے جواب میں انہوں نے اپنی لیگل ٹیم کے زریعے جواب بھیجا ہے، اور اس ریکارڈ کی ایف آئی اے میں چھان بین جاری ہے جبکہ امکان ہے کہ اس ریکارڈ کی روشنی میں مزید میڈیا مالکان اس کیس کی زد میں آ سکتے ہیں ۔
یاد رہے کہ ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل نے گزشتہ دنوں حوالہ ہنڈی اور ڈالر کی غیر قانونی فروخت کے الزام پر JS Bank کی زم زمہ اسٹریٹ برانچ پر چھاپہ مارا تھا ، جہاں 15 ہزار ڈالر کی غیر قانونی فروخت میں ملوث ایریا منیجر جے ایس بینک نعمان رؤف کو دیگر ساتھیوں کے ساتھ گرفتار کیا گیا ۔ اس کارروائی میں نعمان رؤف کے ذاتی موبائل فون میں Z2c کے حوالہ نیٹ ورک کا ڈیٹا موجود تھا جس کے بعد تحقیقات کا رخ میڈیا سیکٹر کی طرف مڑ گیا ۔

ایف آئی اے نے اس نیٹ ورک سے متعلق تحقیقات شروع کیں تو ہولناک انکشافات سامنے آئے جس سے ایک نیا اسکینڈل سامنے آیا ہے۔ ایف آئی اے کی تحقیقات کے مطابق میڈیا مالکان کے منی لانڈرنگ نیٹ ورک کے کام کرنے کا کچھ حصہ اس کیس کی تفتیش میں سامنے آیا ہے جو مجموعی نیٹ ورک کا پانچ فیصد بھی نہیں بتایا جا رہا۔
ایف آئی اے کی تفتیش میں جب Z2c کی چھان بین شروع ہوئی تو معلوم ہوا کہ یہ ڈیجیٹل مارکیٹنگ کمپنی ہے جس کا دبئی کی کمپنی Ten Sports Fze LLc کے ساتھ ایک ارب روپے سے زائد مالیت کا معاہدہ ہوا، جس میں آئی سی سی ورلڈ کپ کے مقابلوں کے دوران اشتہارات کا ٹائم پاکستان میں دکھانے کے لئے اور اشتہاری کمپنیوں کی خریداری کے لئے کیا گیا۔ تحقیقات میں ریکارڈ کی چھان بین ہوئی تو معلوم ہوا کہ فورم مال کی چوتھی منزل پر قائم Z2c کمپنی رجسٹرڈ ہے، اور اسی دفتر کے نام پر Pak Media Communication، Star Com، Tele Nest، Brain Child Communication اور Blitz نامی کمپنیوں کی بھی رجسٹریشن موجود ہے۔
ذرائع کے مطابق Z2c نے معاہدہ Pak Media Communication اور Brain Child Communication کے زریعے Ten Sports Fze LLc کے ساتھ کیا، اور دبئی کی اس کمپنی کو Hum News Tv کی انتظامیہ غیر اعلانیہ تسلیم کرتی ہے۔ جس وقت یہ معاہدہ ہوا اس وقت Ten Sports Fze LLc نے Z2c کو کہا کہ مطلوبہ رقم پاکستان میں موجود ان کی کمپنی Tower Sports کو دے دی جائے، اور یہاں سے اصل کھیل شروع ہوا۔
تحقیقات کے مطابق Hum News اور JS Bank نے Z2c کی مدد سے اسے ڈیزائن کیا اور ایک کروڑ درہم تک یہ رقم حوالہ کر بھی دی گئی جس پر یہ کیس درج ہوا ہے۔ ایف آئی اے کی تحقیقات کے مطابق نعمان رؤف کے موبائل فون سے ملنے والے ڈیٹا کی بنیاد پر جب Z2c کے دفتر پر چھاپہ مارا گیا تو وہاں سے کمپنی کے چیف فنانس افسر فیصل الیاس کو گرفتار کیا گیا، اور ان کے ذاتی استعمال میں موجود موبائل فون اور لیپ ٹاپ قبضے میں لے کر فرانزک کے لئے بھیج دیا گیا ہے۔
منی لانڈرنگ کی اس تحقیقات میں Z2c کمپنی پر چھاپے کے دوران لیپ ٹاپ سے JS Bank کے زریعے حوالہ اور ڈالر کی غیر قانونی فروخت کا ایک نیا نیٹ ورک سامنے آیا ہے جس میں رائیڈار سری لنکا، نیپال، دبئی، سنگار پور کے موبائل نمبرز کا استعمال کرتے ہیں، جب کہ ان رائیڈرز کے استعمال میں پاکستانی نمبر موجود نہیں ہیں۔ ان کی تلاش جاری ہے اور ممکن ہے کہ جو نام لیپ ٹاپ سے ملے وہ ڈمی نام ہوں، لیکن ان نمبروں پر کال اور میسجز گفتگو موجود ہے۔
ریکارڈ کے مطابق جب Z2c کمپنی کو رقم کی منتقلی کرنا ہوتی ہے تو Hum News کے سیکرٹری محسن نعیم JS Bank کے ایریا منیجر نعمان رؤف سے رابطہ کرتے ہیں، پھر فرحان عرف راجو نامی رائیڈر جس کے زیر استعمال سری لنکا، سنگار پور، نیپال کی سیمیں ہیں یا بلال عرف منجو جس کے زیر استعمال دبئی کی سیمیں ہیں وہ آتا ہے اور رقم لے کر ڈیلیوری کرنے چلا جاتا ہے۔ یوں یہ نیٹ ورک خاموشی سے گزشتہ تین برس سے کام کر رہا ہے، جب کہ اب تک سامنے آنے والا ریکارڈ صرف رائیڈر کے میسجز کی بنیاد پر ہے اور دیگر کمپنیوں کے ریکارڈ کی چھان بین پر مزید معلومات سامنے آنے کا امکان ہے کہ اور کتنے برس سے یہ کام جاری ہے۔
اسی طرح تحقیقات میں Z2c کی پاکستان میں موجود ڈمی کمپنی Tower Sports کے زریعے Tech Partner اور Media Tech Solution کے اکاؤنٹس میں محسن نعیم کی ہدایت پر Z2c کے چیف فنانس افسر فیصل الیاس رقوم منتقل کرتے رہے۔ اس تحقیقات میں ایک ارب روپے مالیت کی رقوم غیر قانونی طریقے سے Ten Sports Fze LLc کے اکاؤنٹس کے بجائے پاکستان میں مختلف کمپنیوں کے اکاؤنٹس اور غیر ملکی سمز استعمال کرنے والے رائیڈرز کے زریعے تقسیم ہونے کے شواہد سامنے آئے ہیں۔
اب تحقیقات ہونا باقی ہے کہ ماضی میں یہ معاہدے کب ہوئے، ان کی رقوم کیسے اور کن کھاتوں میں منتقل ہوئی، جس کا ریکارڈ طلب کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ریکارڈ ملنے کے بعد مزید تفتیش کا دائرہ بڑھایا جائے گا اور اس مبینہ اربوں روپے کے منی لانڈرنگ اسکینڈل میں مزید بڑے نام سامنے آنے کا امکان ہے ۔