کراچی : تھانہ واٹر کارپوریشن کے ایس ایچ او مظہر اقبال اعوان نے شہر میں غیر قانونی ہائیڈرنٹس اور ٹینکروں کے خلاف جعلی آپریشن شروع کر دیا ، عملے کو لیکر رات گئے آپریشن کر کے مبینہ طور پر ڈیل کر لیتے ہیں ، اتوار اور پیر کی درمیانی رات شپ منگھو پیر گرم چشمہ میں آپریشن کر کے تین افراد کو حراست میں لیا اور ایک کے ڈیل کرکے چھوڑ دیا ۔
تفصیلات کے مطابق 7 اکتوبر کو ڈی آئی جی ڈاکٹر فرخ علی کے احکامات سے واٹر کارپوریشن میں تعینات ہونے والے ایس ایچ او انسپکٹر مظہر اقبال اعوان نے اپنی دکان کھول لی ہے ۔ مظہر اقبال کو سابق ایس ایچ او ارشد اعوان کی جگہ پر واٹر کارپوریشن کے پولیس اسٹیشن کا ایس ایچ او تعینات کیا گیا تھا اور ارشد اعوان کو آئی جی آفس رپورٹ کرا دیا گیا ۔

مظہر اقبال نے واٹر بورڈ کے اینٹی تھیفٹ سیل اور سب سوائل کے افسران اور واٹر کارپوریشن کے سیکورٹی انچارج کرنل (ر) انجم توقیر ملک کو بتائے بغیر شہر کے مختلف مقامات پر از خود چھاپے مارنا شروع کر دیئے ہیں ۔ یہ چھاپے مغرب کے بعد شروع کیئے جاتے ہیں اور جو علی الصبح تک جاری رہتے ہیں ۔
گزشتہ ایک ہفتے میں منگھو پیر ، جھنجھال گوٹھ ، گلشن معمار سمیت مختلف علاقوں میں چھاپے مارے ہیں ۔ جہاں پر ٹینکر ڈرائیوروں کو پکڑ کر بعد ازاں لین دین طے کر کے انہیں چھوڑ دیا جاتا ہے ۔ تاہم اتوار اور پیر کی درمیانی شپ کو منگھو پیر گرم چشمہ میں چھاپہ مارا جہاں سے دو لوگوں کو ، جنریٹر اور موٹر کے ہمراہ حراست میں لیا ۔ جن کیخلاف 24 گھنٹے گزر جانے کے باوجود مقدمہ درج نہیں کیا ہے ۔
منگھو پیر سے واپسی پر نیا ناظم آباد کے مین گیٹ پر ایک واٹر ٹینکر اور اس میں موجود ڈرائیور اور کنڈیکٹر کو بھی حراست میں لیا اور چاروں کو سی او ڈی فلٹر پلانٹ میں موجود عارضی تھانے میں منتقل کر دیا ۔ جس کے بعد ٹینکر کے ڈرائیور اور کنڈیکٹر کو منگل کی سہ پہر 3 بجے مبینہ طور پر رشوت لیکر چھوڑ دیا تھا جب کہ پیر اور منگل کی درمیانی رات گئے تھے دوسرے دو ملزمان کے خلاف مقدمہ درج نہیں کیا گیا ۔
ایس ایچ او مظہر اقبال اعوان نے گزشتہ رات کو ہی گلشن معمار میں بھی چھاپا مارا تھا جہاں سے 10 ہزار گیلن کا ٹینکر بھی پکڑا جس کو مبینہ طور پر لاکھوں روپے رشوت لیکر چھوڑ دیا تھا ۔ اس حوالے سے ایس ایچ او تھانہ واٹر کارپوریشن مظہر اقبال اعوان نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ انہوں نے واقعی مقدمہ درج نہیں کیا ہے تاہم اینٹی تھیفٹ سیل کے افسران کے کہنے پر اب منگھو پیر تھانے میں مقدمہ درج کرائیں گے ۔
معلوم رہے کہ کورنگی نمبر 5 سوک سینٹر کے عقب میں واقع 6 منی ہائیڈرنٹس سے ہفتہ واری 25 پچیس ہزار روپے رشوت وصول کرتا ہے اور اس کے علاوہ ایوب گوٹھ میں واقع ایک ہائیڈرنٹ سے بھی ماہانہ 1 لاکھ سے زائد کی رقم طے ہوئی ہے ۔
اس حوالے سے سب سوائل واٹر کے ایس ای سید تابش رضا حسنین اور واٹر کارپوریشن کے سیکورٹی انچارچ کرنل (ر) انجم توقیر ملک سے بھی رابطہ کیا گیا تاہم دونوں نے فون ریسیو نہیں کیا ، ان کا موقف موصول ہونے پر شائع کر دیا جائے گا ۔
