اسلام آباد (22 مئی 2025ء): پاکستان شریعت کونسل کے مرکزی قائدین نے خضدار، بلوچستان میں اسکول کے بچوں کی بس پر بم حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ، سفاکانہ اور انسانیت سوز اقدام قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ یہ حملہ صرف معصوم پاکستانی بچوں پر نہیں بلکہ پاکستان کے مستقبل اور استحکام پر حملہ ہے اور اس کے تانے بانے واضح طور پر بھارت کی خفیہ ایجنسیوں سے جا ملتے ہیں جو پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے ایجنڈے پر مسلسل عمل پیرا ہیں۔بزدل دشمن میں ہماری بہادر افواج کا مقابلہ کرنے کا دم خم نہیں اور وہ اپنی بہادری معصوم بچوں پر حملہ کر کے دکھانا چاہتا ہے جو سفاکیت کی مثال ہے، ان خیالات کا اظہار پاکستان شریعت کونسل کے امیر مولانا زاہد الراشدی، جنرل سیکرٹری مولانا عبدالرؤف فاروقی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالرؤف محمدی، سیکرٹری اطلاعات پروفیسر حافظ منیر احمد اور دیگر قائدین نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا۔
رہنماؤں نے کہا کہ بلوچستان عرصہ دراز سے بھارتی ایجنسی ’’را‘‘ کی سازشوں اور تخریبی کارروائیوں کا شکار ہے اور خضدار کا یہ اندوہناک واقعہ بھی اسی تسلسل کی ایک کڑی ہے۔ اسکول کے معصوم بچوں کو نشانہ بنانا عالمی قوانین، انسانی اقدار اور جنگی اخلاقیات کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اور ریاستی ادارے اس واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کر کے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچائیں اور بھارت کی ان کارروائیوں کو بین الاقوامی سطح پر بے نقاب کریں تاکہ دنیا کو معلوم ہو کہ خطے کا اصل دہشت گرد کون ہے۔
پاکستان شریعت کونسل کے قائدین نے اس المناک سانحے میں شہید ہونے والے بچوں کے والدین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے، زخمی بچوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی ہے اور پوری قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ متحد ہو کر دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے میں اپنا کردار ادا کرے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی پاکستان دشمن کارروائیوں کا منہ توڑ جواب دینا بھی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔
دریں اثناء پاکستان شریعت کونسل کے رہنماؤں مولانا مفتی رویس خان ایوبی، مولانا عبدالقیوم حقانی، مولانا عبدالرزاق، مولانا رشید احمد درخواستی، مولانا تنویر الحق تھانوی، مولانا شبیر احمد کشمیری، چوہدری خالد محمود ایڈووکیٹ، مولانا رمضان علوی، مولانا قاری اللہ داد، مفتی محمد نعمان پسروری، مولانا عبدالحفیظ محمدی، مولانا ثناء اللہ غالب، مولانا عبدالحسیب خوستی، مولانا محمد امین، مولانا قاسم عباسی، مولانا حافظ علی محی الدین، مولانا قاری عثمان رمضان، سعید احمد اعوان، مولانا امجد محمود معاویہ، مولانا صاحبزادہ نصرالدین خان عمر، مفتی جعفر طیار، مولانا عطاء اللہ علوی، مولانا ڈاکٹر سیف الرحمن آرائیں، مولانا عبید الرحمن معاویہ، ذوالفقار گل ایڈووکیٹ اور دیگر نے بھی اس دہشت گردی کے واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قومی خودمختاری اور شہریوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
جاری کردہ: عبدالرؤف محمدی
ڈپٹی سیکرٹری جنرل پاکستان شریعت کونسل
0334-9173562