Home پاکستان پاکستانی پی ایچ ڈی طالبہ نے برطانوی کومن ویلتھ پوسٹر ایوارڈ جیت...

پاکستانی پی ایچ ڈی طالبہ نے برطانوی کومن ویلتھ پوسٹر ایوارڈ جیت لیا

ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی طالبہ نے28ممالک کے اسکالروں میں پہلی پوزیشن حاصل کی

کراچی: ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری، جامعہ کراچی کی ایک پی ایچ ڈی طالبہ سنعیہ خورشید نے حال ہی میں برطانیہ کے پانچویں کومن ویلتھ کیمسٹری پوسٹر’بلڈنگ نیٹ ورکس ٹو ایڈریس دی گولز‘کے ورچُوئل مقابلے میں پہلا افتتاحی پیپلز چوائس پوسٹر ایوارڈ حاصل کیا ہے۔

بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے ترجمان نے منگل کو کہا ہے کہ 28 ممالک کے اسکالروں سے مقابلے کرتے ہوئے طالبہ کے کام کو حال ہی میں عالمی پائیداری اور ترقی کے اہداف کے ساتھ منسلک تحقیق کو آگے بڑھانے میں اہم شراکت کے لیے تسلیم کیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کومن ویلتھ کیمسٹری، فیڈریشن آف کیمیکل سائینسز سوسائٹیز برطانیہ نے ورچوئل پوسٹر مقابلہ ستمبر میں رکھا تھا۔ پی ایچ ڈی طالبہ سنعیہ خورشید ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں ڈاکٹر عمران ملک کی زیرِ نگرانی پی ایچ ڈی کر رہی ہیں۔ اس مقابلے میں 28 ممالک کے اسکالروں سے180پوسٹر وصول کیے گیے۔ سنعیہ خورشید کے پوسٹر کا موضوع”الیکٹرو کیمیکل ڈٹیکشن آف کریٹی نین ایٹ پیکو مولر اسکیل ان ہیومن باڈی فلوڈز فار ڈائیگناسز آف کڈنی ڈائس فنکشن“ ہے۔ واضح رہے کہ اس مقابلے میں اول آنے والے اسکالر کو2 سو پانڈ اسٹرلنگ دیے جاتے ہیں۔ آئی سی سی بی ایس، جامعہ کراچی کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر فرزانہ شاہین نے سنعیہ خورشید اور اُن کے سپروائزر ڈاکٹر عمران ملک کو اُن کی اس کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ صرف ادارے کی ایک طالبہ کی کامیابی نہیں ہے بلکہ پوری جامعہ کراچی کے لیے اعزاز کی بات ہے، انھوں نے کہا کہ یہ کامیابی عالمی سطح پر پاکستانی محققین کے بڑھتے ہوئے اثرات کو بھی ظاہر کرتی ہے۔ شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی اور سابق وفاقی وزیر برائے سائینس اور ٹیکنالوجی اور پروفیسرامریطس ڈاکٹر عطا الرحمننے بھی اس ہونہار طالبہ کو اس کی میا بی پر مبارکباد دی ہے۔

Exit mobile version