Home اسلام قرآن مجید کا سب سے چھوٹا نسخہ

قرآن مجید کا سب سے چھوٹا نسخہ

22 اکتوبر 2004ء کو گنیز بک آف ریکارڈز کے منتظمین نے اعلان کیا کہ انہوں نے جدہ میں مقیم ایک پاکستانی ڈاکٹر ، ڈاکٹر محمد سعید فضل کریم بیبانی کا یہ دعویٰ تسلیم کرلیا ہے کہ وہ دنیا میں قرآن مجید کے سب سے چھوٹے نسخے کے مالک ہیں۔

ڈاکٹر محمد سعید فضل کریم بیبانی قرآن پاک کے جس نسخے کے مالک ہیں وہ 1.70 سینٹی میٹر لمبا، 1.28 سینٹی میٹر چوڑا اور 0.72 سینٹی میٹر موٹا ہے۔ قرآن مجید کا یہ نسخہ 1292ھ (1875ء) میں شائع ہوا تھا۔ یہ مغربی خط میں تحریر کیا گیا ہے جو مراکش اور تیونس میں رائج ہے۔ قرآن مجید کا یہ نسخہ علی عثمان نے تحریر کیا تھا اور اسے قاہرہ (مصر) سے شائع کیا گیا تھا۔ اس نسخے میں 571 صفحات ہیں جنہیں محدب عدسے کی مدد سے پڑھا جاسکتا ہے۔

ڈاکٹر محمد سعید فضل کریم بیبانی 1962ء میں راولپنڈی میں پیدا ہوئے تھے۔ وہ لارنس کالج مری اور کیڈٹ کالج حسن ابدال کے فارغ التحصیل ہیں۔ وہ شاعر بھی ہیں اور انہوں نے ایک غیر منقوط نعتیہ مجموعہ ممدوح کردگار کے نام سے تحریر کیا ہے۔

Exit mobile version