Home صحت و تعلیم این ای ڈی اور ای ڈی یو کاسٹ کے ایڈلٹ کئیر پروگرام...

این ای ڈی اور ای ڈی یو کاسٹ کے ایڈلٹ کئیر پروگرام کے اختتام پر طالب علموں میں سرٹیفکٹس تقسیم

کمیونٹی سروسز کے تصورّ کو اب فروغ دیا جانا چاہیے، ڈاکٹر سروش
گھر میں بیٹھے دو بڑے پیروں کو ہرگز نہ بھولیں، عبداللہ ڈار

کراچی: جامعہ این ای ڈی کے شعبہ ٹیکسٹائل انجینئرنگ، اسٹوڈنٹ افیئرز اور ای ڈی یو کاسٹ(educast) گلوبل کے تحت ایڈلٹ کئیر (بزرگوں کی خدمت) کے لیے پروگرام تشکیل دیا گیا۔ جس کے تحت 140 طالب علموں اور آن لائن خواتین ڈاکٹرز کے بزرگوں سے رابطے کرواۓ گئے۔ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوۓ ای ڈی یو کاسٹ گلوبل کے نمائندگان عبداللہ ڈار اور عبدالرؤف تابانی کہنا تھا کہ کمیونٹی سروسز کا مقصد بزرگوں کی تنہائی اور بیماریوں کی شکایات کو دُور کرنا ہے جب کہ نوجوانوں کو بزرگوں سے قریب کرکے بوڑھوں کی انرجی کو بحال کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ گھر میں بیٹھے دو بڑے پیروں کو ہرگز نہ بھولیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ این ای ڈی کے اشتراک سے ہمارا یہ پروجیکٹ بزرگوں میں نئی روح پھونک رہا ہے۔ اس موقعے پر خطاب کرتے ہوۓ شیخ الجامعہ ڈاکٹر سروش لودھی اور پرووائس چانسلر ڈاکٹر محمد طفیل کا کہنا تھا کہ ہمارے طالب علموں میں کمیونٹی سروسز کے تصّور کا فروغ ازحد ضروری ہے کیوں کہ یہ گلوبل ایشو ہے اسی لیے اسے عالمی سطح پر تسلیم کیا جانا چاہیۓ۔ اس موقعے پر ریجنل ڈائریکٹر ایچ ای سی انجینئر نذیر حسین کا دونوں اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوۓ کہنا تھاکہ ہم چاہتے ہیں کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ذریعے دیگر تعلیمی اداروں میں بھی اس سروس کا آغاز کیا جاۓ۔ یاد رہے کہ ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ بزرگوں میں بڑھتے ہوۓ نفسیاتی مسائل زیادہ دیکھنے میں آۓ ہیں۔ اس موقعے پر ٹیکسٹائل انجینئرنگ کے 140 طالب علموں میں سرٹیفیکٹس تقسیم کیے گئے جب کہ دیگر شعبہ جات سے 220 طالب علموں کو شامل کرنے کا اعادہ ظاہر کیاگیا۔ اختتامی کلمات ادا کرتے ہوے پرووائس چانسلر ڈاکٹر محمد طفیل نے ٹیم ای ڈی یو کے تمام ممبران سمیت ڈاکٹر علی حسن، ڈاکٹر قرات العین اور طالب علموں کی بے لوث خدمات کو سلام پیش کیا۔

Exit mobile version