Home اسلام ڈاکٹر ذاکر نائیک کی مولانا فضل الرحمان سے اہم ملاقات

ڈاکٹر ذاکر نائیک کی مولانا فضل الرحمان سے اہم ملاقات

اسلام آباد: ممتاز مذہبی سکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے اپنے صاحبزادے طارق نائیک کے ہمراہ اسلام آباد میں جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس ملاقات کا مقصد امت مسلمہ کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا۔

مولانا فضل الرحمان نے ڈاکٹر ذاکر نائیک اور ان کے بیٹے کا گرمجوشی سے استقبال کیا اور کہا کہ ان کی آمد ان کے گھر کے لیے عزت و برکت کا باعث ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کی اسلامی دعوت کے میدان میں کی جانے والی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جس طرح آپ سوالات کے جوابات دیتے ہیں، وہ پوری امت مسلمہ کا دفاع ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر نائیک کی دعوت سے کئی لوگ اسلام کے نور سے منور ہوئے ہیں۔

ڈاکٹر ذاکر نائیک نے مولانا فضل الرحمان کی امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی اور کہا کہ یہ ملاقات ان کی دیرینہ خواہش تھی جو آج پوری ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی کاوشیں امت مسلمہ کو ایک مضبوط اتحاد میں باندھنے کے لیے بہت اہم ہیں۔

ملاقات کے دوران مولانا فضل الرحمان نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کو گلدستہ اور تحائف پیش کیے جبکہ ڈاکٹر نائیک نے مولانا فضل الرحمان کو پرفیوم کا تحفہ دیا۔ بعد ازاں، ڈاکٹر ذاکر نائیک نے مولانا فضل الرحمان کی اقتداء میں نماز مغرب بھی ادا کی۔
اس ملاقات میں مولانا عبد الغفور حیدری، مولانا اسعد محمود، مولانا امجد خان، مولانا راشد سومرو سمیت جے یو آئی کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

Exit mobile version