Home پاکستان ہنگامہ آرائی کے دوران سینئر فوٹو گرافر کی موٹر سائیکل نذرِ آتش،...

ہنگامہ آرائی کے دوران سینئر فوٹو گرافر کی موٹر سائیکل نذرِ آتش، کراچی پریس کلب کی مذمت

3

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، سیکرٹری اسلم خان اور مجلسِ عاملہ نے پریس کلب کے سینئر ممبر اور ڈان نیوز کے فوٹو گرافر شکیل عادل کی موٹر سائیکل کو نامعلوم افراد کی جانب سے نذرِ آتش کیے جانے کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔

کراچی پریس کلب سے جاری بیان میں کراچی پریس کلب کے عہدیداروں نے کہا کہ یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت پر احتجاجی مظاہرین امریکی قونصلیٹ کی جانب مارچ کر رہے تھے۔

مظاہرے کے دوران انتشار پیدا ہوا اور اسی ہنگامہ آرائی میں نامعلوم افراد نے ڈان نیوز کے فوٹو گرافر شکیل عادل کی موٹر سائیکل کو آگ لگا دی، جس کے نتیجے میں صحافی کو شدید مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ صحافی کسی بھی صورت میں تشدد، انتقام یا سیاسی و مذہبی کشیدگی کا نشانہ نہیں بننے چاہئیں۔ میڈیا نمائندے عوام کو حقائق سے آگاہ کرنے کا فریضہ انجام دے رہے ہوتے ہیں، ایسے میں ان پر حملے نہ صرف قابلِ مذمت بلکہ جمہوری اقدار کے منافی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ واقعہ اس بات کا ثبوت ہے کہ صحافی آج بھی غیر محفوظ ہیں اور ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ میڈیا ورکرز کے تحفظ کو یقینی بنائیں ۔

کراچی پریس کلب نے حکومتِ سندھ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ شکیل عادل کو انصاف فراہم کیا جائے ۔ نقصان کا ازالہ کیا جائے اور صحافیوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ آئندہ ایسے افسوسناک واقعات کا سدباب ممکن ہو سکے۔

NO COMMENTS