کراچی : کراچی پریس کلب نے پی ٹی آئی کے جلسے کی کوریج کے دوران صحافیوں پر تشدد اور میڈیا ہائوسز کی گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کے واقعے پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔
صدر کراچی پریس کلب فاضل جمیلی اور سیکرٹری پریس کلب اسلم خان نے کہا ہے کہ حکومتِ سندھ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مستقبل میں صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے موثر اور عملی اقدامات کریں۔
کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، سیکرٹری اسلم خان اور مجلس عاملہ نے باغِ جناح میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جلسے کی کوریج کے دوران صحافیوں پر تشدداور میڈیا ہائوسز کی گاڑیوں و ڈی ایس این جیزکی توڑ پھوڑ کے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کراچی پریس کلب سے جاری بیان میں کراچی پریس کلب کے عہدیداروں نے کہاکہ وزیرِ اعلی خیبر پختونخوا کے دورہ کراچی کے موقع پر باغِ جناح میں منعقدہ جلسے کی کوریج کے دوران پی ٹی آئی کارکنان اور پولیس کے درمیان تصادم کے نتیجے میں صحافیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا ، جو آزادی صحافت پر براہِ راست حملہ ہے، ہنگامہ آرائی کے دوران صحافیوں، کیمرہ مینوں اور ڈی ایس این جی آپریٹرز پر تشدد اور میڈیا ہائوسز کی گاڑیوں کو نقصان پہنچانا انتہائی قابلِ مذمت اور افسوسناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ فرائض کی انجام دہی کے دوران صحافیوں کو نشانہ بنانا جمہوری اقدار کے بھی منافی ہے۔ کراچی پریس کلب کے عہدیداروں نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث عناصر کی فوری شناخت کرکے ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور متاثرہ میڈیا ہائوسز کے ہونے والے مالی نقصان کا فوری ازالہ کیا جائے۔
انہوں نے کہاکہ صحافی غیر جانبداری کے ساتھ عوام کو باخبر رکھنے کا فریضہ انجام دیتے ہیں، ایسے واقعات صحافتی برادری میں عدم تحفظ کے احساس کو جنم دیتے ہیں۔ حکومتِ سندھ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مستقبل میں صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے موثر اور عملی اقدامات کریں۔
