Home پاکستان مولانا زاہد الراشدی کا جدید دینی و عصری ادارے کا دورہ —...

مولانا زاہد الراشدی کا جدید دینی و عصری ادارے کا دورہ — علماء و فضلاء کے لیے آئی ٹی و مصنوعی ذہانت کے کورسز وقت کی اہم ضرورت قرار

14

اسلام آباد: پاکستان شریعت کونسل کے امیر شیخ الحدیث حضرت مولانا زاہد الراشدی نے ایک وفد کے ہمراہ اسلام آباد میں مولانا عبدالقدوس محمدی کی زیر سرپرستی اور مولانا منیر احمد علوی کی نگرانی میں قائم ایک جدید طرز کے معیاری تعلیمی ادارے کا دورہ کیا، جہاں السعادہ کے زیر اہتمام علمائے کرام اور جدید فضلاء کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے انفارمیشن ٹیکنالوجی (I.T) اور آرٹیفشل انٹیلی جنس (A.I) جیسے جدید علوم پر مشتمل کورسز کروائے جا رہے ہیں۔ ادارے کے مدیر عزیر احمد اس علمی وژن کے بانی اور ایک متحرک، فکری اور دینی شعور رکھنے والی شخصیت ہیں۔

اس موقع پر پاکستان شریعت کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالرؤف محمدی، سیکرٹری اطلاعات پروفیسر حافظ منیر احمد، ملکہ کوہسار مری کے امیر مولانا قاسم عباسی، حافظ شاہد رحمن میر اور مفتی زعفران عباسی بھی وفد میں شامل تھے۔ وفد کا استقبال مولانا عبدالحنان نے دیگر منتظمین کے ہمراہ کیا اور مہمانوں کو ادارے کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی دورہ کروایا۔ کورسز کے اغراض و مقاصد اور تربیتی نظام کا تعارف بھی پیش کیا گیا۔

دورے کے موقع پر مولانا زاہد الراشدی نے ادارے کے قیام کو وقت کی ایک ناگزیر ضرورت قرار دیتے ہوئے اس کی فکری و تعلیمی سمت اور مقاصد پر منتظمین کو دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے علمائے کرام اور فضلاء کے لیے آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت جیسے شعبہ جات میں مہارت حاصل کرنے کو وقت کی اہم ترین ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر دور اپنے تقاضے رکھتا ہے، اور ان تقاضوں کو سمجھ کر ان کے مطابق اپنے آپ کو تیار کرنا نہ صرف قابل تحسین ہے بلکہ دینی و قومی فریضہ بھی ہے۔ آج کے دور میں دعوت، اصلاح، تعلیم اور تربیت کے لیے جدید ذرائع سے واقفیت ضروری ہو چکی ہے۔ ہر میدان کے لیے رجال کار کی تیاری امت کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔

مولانا راشدی نے کورسز کے شرکاء علمائے کرام اور فضلاء کو تلقین کی کہ وہ دین کے فہم کے ساتھ ساتھ دورِ جدید کے علمی و فکری میدان میں بھی رہنمائی کی صلاحیت حاصل کریں تاکہ امت کی بہتر راہنمائی کا فریضہ انجام دیا جا سکے۔اس موقع پر کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالرؤف محمدی نے کہا کہ پاکستان شریعت کونسل اس عزم کا اظہار کرتی ہے کہ دینی مدارس و جامعات کے فضلاء کی عصری تربیت کے ایسے منصوبوں کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کی جائے گی تاکہ دینی و دنیاوی تقاضوں میں ہم آہنگی پیدا ہو اور ملت اسلامیہ کو ہر میدان میں باوقار نمائندگی میسر آ سکے۔