جمعرات, جون 26, 2025

پاکستان شریعت کونسل کا اہم اجلاس: قومی دفاع کی حمایت، مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تشویش اور مسئلہ فلسطین پر عرب حکمرانوں سے فعال کردار کا مطالبہ

اسلام آباد (25 مئی 2025ء): پاکستان شریعت کونسل کے امیر مولانا زاہد الراشدی کی صدارت میں اسلام آباد میں کونسل کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالرؤف محمدی، سیکرٹری اطلاعات پروفیسر حافظ منیر احمد، مری کے امیر مولانا قاسم عباسی، سینئر رکن حافظ شاہد میر، مفتی زعفران عباسی، حافظ حمزہ ہارون، حافظ محمد قاسم اور دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔

اجلاس میں ملکی دفاع و سالمیت کے تحفظ کے لیے پاک فوج کے اقدامات کو سراہا گیا اور اس حوالے سے عسکری و سیاسی قیادت کے قومی موقف کی مکمل تائید کی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا زاہد الراشدی نے کہا کہ ملک بھر کے دینی طبقات وطن سے والہانہ محبت رکھتے ہیں اور ملک دشمن قوتوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے ہر سطح پر ریاستی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں۔مولانا زاہد الراشدی نے خضدار بلوچستان میں معصوم بچوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے انسانیت سوز سانحہ قرار دیا اور بھارت کی جانب سے دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کی اور کہا کہ سکیورٹی اداروں کو مکار دشمن کی خفیہ کارروائیوں کو ناکام بنانے کے لئے چوکنا رہنے کی ضرورت ہے، انہوں نے وزیرستان میں ڈروں حملے میں معصوم بچوں کی شہادت کو بھی المیہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ معصوم لوگوں کی جانوں سے کھیلنے والے بھارتی ایجنٹ اور دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں لیکن ان کے خلاف کارروائیوں کے دوران اپنے ہی شہریوں اور معصوم بچوں کو ڈرون حملوں کا نشانہ بنانا دشمن کے ایجنڈے کو تقویت دینے کے مترادف ہے، جس سے اجتناب اور تدبر کی ضرورت ہے۔
اجلاس میں مشرق وسطیٰ کی حالیہ کشیدہ صورتحال پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا گیا اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ دورہ عرب کے موقع پر بعض عرب حکمرانوں کے طرز عمل کو افسوسناک قرار دیا گیا اور کہا گیا کہ امریکی صدر کی خوشنودی کے لیے اسلامی و تہذیبی اقدار کو جس انداز میں پامال کیا گیا اس نے پوری ملت اسلامیہ کے سر شرم سے جھکا دیئے ہیں، قائدین نے مطالبہ کیا کہ عرب دنیا بالخصوص او آئی سی مسئلہ فلسطین پر روایتی بیانات سے آگے بڑھ کر ایک متحرک، مؤثر اور جرات مندانہ کردار ادا کرے تاکہ مظلوم فلسطینی عوام کی عملی مدد ممکن ہو سکے۔

جاری کردہ: مولانا عبدالرؤف محمدی
ڈپٹی سیکرٹری جنرل، پاکستان شریعت کونسل
0334-9173562

متعلقہ خبریں

مقبول ترین

متعلقہ خبریں