جمعہ, جون 27, 2025

میڈیا سیل پاکستان شریعت کونسل

اسلام آباد: پاکستان شریعت کونسل کے مرکزی قائدین نے بھارتی جارحیت کے جواب میں پاک فوج کی جانب سے دشمن کو دندان شکن جواب دینے اور تاریخی کامیابی حاصل کرنے پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے اللہ تعالیٰ کا خاص فضل اور قوم کی دعاؤں کا ثمر قرار دیا ہے۔ اس موقع پر وزیر اعظم پاکستان کے اعلان کے مطابق ملک بھر میں پاکستان شریعت کونسل کے زیر اہتمام "یومِ تشکر” منایا گیا، مساجد میں شکرانے کے نوافل ادا کیے گئے اور ملکی سلامتی، نظریاتی استحکام اور افواجِ پاکستان کی مزید فتوحات کے لیے اجتماعی دعائیں کی گئیں۔پاکستان شریعت کونسل کے امیر مولانا زاہد الراشدی، جنرل سیکرٹری مولانا عبدالرؤف فاروقی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالرؤف محمدی، سیکرٹری اطلاعات پروفیسر حافظ منیر احمد اور دیگر قائدین نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ بھارتی قیادت کو یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ پاکستان ایک غیرت مند، باشعور اور نظریاتی قوم کا ایٹمی ملک ہے جو اپنے عقیدے، سرزمین اور خودمختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کر سکتا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے باوجود افواجِ پاکستان نے جس حکمت، حوصلے اور جرأت کے ساتھ دشمن کو سبق سکھایا ہے، اس پر پوری قوم کو فخر ہے۔ پاکستان شریعت کونسل کے قائدین نے افواجِ پاکستان کے سپاہیوں، افسران اور قیادت کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فتح صرف میدانِ جنگ کی نہیں بلکہ نظریاتی و قومی سطح پر ایک بڑی فتح ہے، جس نے قوم کے حوصلوں کو جلا بخشی ہے۔قائدین نے کہا کہ یہ وقت قومی وحدت، دینی ہم آہنگی اور باہمی اتفاق کا ہے۔ پوری قوم کو دشمن کے خلاف متحد ہو کر اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑا ہونا ہوگا۔ پاکستان شریعت کونسل کے رہنماؤں نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس فتح کو سیاسی فائدوں تک محدود نہ رکھے بلکہ قومی خودداری، اسلامی اقدار اور داخلی استحکام کو اپنی پالیسی کا حصہ بنائے۔
دریں اثناء پاکستان شریعت کونسل کے رہنماؤں مولانا مفتی رویس خان ایوبی، مولانا عبدالرزاق، مولانا رشید احمد درخواستی، مولانا تنویر الحق تھانوی، مولانا شبیر احمد کشمیری، چوہدری خالد محمود ایڈووکیٹ، مولانا رمضان علوی، مولانا قاری اللہ داد، مفتی محمد نعمان پسروری، مولانا عبدالحفیظ محمدی، مولانا ثناء اللہ غالب، مولانا عبدالحسیب خوستی، مولانا محمد امین، مولانا قاسم عباسی، مولانا حافظ علی محی الدین، مولانا قاری عثمان رمضان، سعید احمد اعوان، مولانا امجد محمود معاویہ، مولانا صاحبزادہ نصرالدین خان عمر، مفتی جعفر طیار، مولانا عطاء اللہ علوی، مولانا ڈاکٹر سیف الرحمن آرائیں، مولانا عبید الرحمن معاویہ، ذوالفقار گل ایڈووکیٹ اور دیگر نے بھی قوم کو اس عظیم کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے پاک فوج کے جذبہ ایمانی اور حوصلہ مندی کو سراہا ہے اور ان کے لیے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کو مزید فتوحات سے نوازے۔

جاری کردہ:عبدالرؤف محمدی
ڈپٹی سیکرٹری جنرل پاکستان شریعت کونسل
0334-9173562

متعلقہ خبریں

مقبول ترین

متعلقہ خبریں