کراچی (اسٹاف رپورٹر): کراچی پریس کلب کے صدرسعید سربازی، سیکریٹری شعیب احمداور مجلس عاملہ نے پریس کلب کے ممبر اور سینئرکرائم رپورٹر ندیم احمد پر نامعلوم مسلح افرادکی جانب سے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعہ کی جوڈیشل انکوائری کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔کراچی پریس کلب کے عہدیداران نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ دفاعی نمائش آئیڈیاز2024 کے موقع پر انتہائی سخت سیکیورٹی کے باجودریڈ زون میں سینئرکرائم رپورٹرپرحملہ حکومت اور متعلقہ اداروں کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے کہاکہ ملک میں صحافیوں پر حملوں اور تشدد کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے لیکن حکمرانوں کے کانوں میں جوں تک نہیں رینگ رہی ہے ۔پاکستانی صحافی اس وقت کٹھن ترین وقت سے گزر رہے ہیں اور حکومت سوائے انہیں دلاسے دینے کے کچھ نہیں کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ شہر میں مسلسل لاقانونیت میں اضافہ ہورہا ہے مگر قانون نافذ کرنے والے ادارے اور حکومت اس کے خلاف کوئی موثر کارروائی میں ناکام نظر آرہی ہے۔کراچی پریس کلب کے عہدایدروں نے وزیراعلیٰ سندھ ، وزیرداخلہ سندھ ،ڈی جی رینجرز سندھ اور آئی جی سندھ پولیس سے مطالبہ کیا کہ مذکورہ واقعہ کی ہر پہلو سے تفتیش کی جائے اور ذمہ داروں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔