تل ابیب: اسرائیلی فضائیہ نے لبنان کے دارالحکومت کے وسطی علاقوں میں حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے جس میں ٹینک شکن میزائل یونٹ کے سربراہ کی شہادت کا دعویٰ کیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق لبنان کی وزارت صحت نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی فوج کی وسطی بیروت میں بمباری میں 22 افراد جاں بحق اور 117 زخمی ہوگئے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ شہید اور زخمی ہونے والوں میں زیادہ خواتین اور بچے شامل ہیں۔ 2 درجن سے زائد افراد کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حملے میں حزب اللہ کی ایلیٹ رضوان فورسز کے ٹینک شکن میزائل یونٹ کے کمانڈر غریب الشجاع کو نشانہ بنایا۔
دوسری جانب حزب اللہ نے بھی اسرائیلی سرزمین پر سیکڑوں کی تعداد میں شدید بمباری کی تاہم اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ اکثر میزائلوں کو فضا میں ہی ناکارہ بنادیا۔