کراچی : ای او بی آئی: مزدوروں کے عالمی دن یکم مئی سے قبل پنشن کی ادائیگی کا اعلان کر دیا گیا ۔ بینک الفلاح کو پانچ ارب 62 کروڑ 92 لاکھ روپے سے زائد کے پنشن فنڈز جاری کر دیئے گئے ۔
وزارت سمندر پار پاکستانی و ترقی انسانی وسائل، حکومت پاکستان کے ذیلی ادارہ ایمپلایئز اولڈ ایج بینی فٹس انسٹی ٹیوشن(EOBI) نے یکم مئی سے بینکوں کی لگا تار تین تعطیلات کے باعث اپنے بزرگ پنشنروں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے مزدوروں کے عالمی دن یکم مئی سے قبل پنشن کی ادا ئیگی کے انتظامات کئے ہیں۔
ای او بی آئی کے امور پر گہری نظر رکھنے والے سابق پی آر او اسرار ایوبی کے مطابق اس مقصد کے لئے ای او بی آئی نے29 اپریل کو بینک الفلاح لمیٹڈ کو پانچ ارب 62 کروڑ 92 لاکھ روپے سے زائد کے پنشن فنڈز جاری کئے۔ جس پر بینک الفلاح نے 30 اپریل سے ملک بھر میں بینک الفلاح پنشن اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعہ پنشن کی تقسیم آغاز کر دیا۔
واضح رہے کہ اس بار ای او بی آئی کی جانب سے پنشنرز کو ایک ہی ماہ میں دوسری بار پنشن ادا کی جارہی ہے جبکہ ماہ مارچ کی پنشن یکم اپریل کو ادا کی گئی تھی۔ ای او بی آئی پنشن سے ملک بھر میں439,721 بزرگ، معذور،بیوگان اور طفلی پنشنرز مستفید ہوں گے۔ جبکہ ادارہ کی خدمات اور کارکردگی کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ای او بی آئی میں رجسٹرڈ آجران کی تعداد 159،887اور بیمہ دار افراد کی تعداد 12،043،023 تک پہنچ گئی ہے۔
جب کہ ای او بی آئی نے رواں مالی سال کے دوران اب تک رجسٹرڈ آجران اور بیمہ دار افراد سے 62 ارب روپے 81۔کروڑ 32 لاکھ روپے کنٹری بیوشن وصول کیا اور ای او بی آئی مارچ 2026 تک ملک بھر کے کل 827،965 پنشنرز کی مالی کفالت کا قومی فریضہ انجام دے چکا ہے۔ جن میں 525،379 ضعیف العمر، 288,518 پسماندگان اور 14,068معذور پنشنرز شامل ہیں۔
واضح رہے کہ ای او بی آئی دیگر سرکاری اداروں کے مقابلہ میں پنشن کا وہ واحد قومی فلاحی ادارہ ہے کہ جس کے پنشنرز کو2016 میں نیشنل بینک آف پاکستان کی ناقص کارکردگی سے چھٹکارہ دلا کر بینک الفلاح لمٹیڈ کے جدید ڈیجٹل بینکنگ نظام میں منتقل کرکے پنشنرز کو سفر کی صعوبتوں، طویل قطاروں اور انتظار کی کوفت سے نجات دلادی گئی ہے۔
