تحریر : طلحہ عتیق الراعی
ادارۃالحرمین فاؤنڈیشن
عالمِ اسلام کی عظیم دینی درسگاہ جامعہ صفہ سعید آباد کے کیمپس ٹو کا افتتاح ایک نہایت بابرکت، یادگار اور تاریخی موقع ثابت ہوا۔ اس روح پرور تقریب میں جہاں درجنوں جید علماء کرام، مشائخِ عظام اور ملت کے معزز عمائدین نے شرکت کی، وہیں اس موقع کی سب سے بڑی سعادت یہ حاصل ہوئی کہ شیخ الاسلام حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب دامت برکاتہم نے بنفسِ نفیس کیمپس ٹو کا سنگِ بنیاد رکھا اور خصوصی دعا سے اس عظیم منصوبے کو شرفِ قبولیت بخشا۔
جامعہ صفہ جس خوبصورت، منظم اور باوقار انداز سے دینی، تعلیمی اور تربیتی خدمات انجام دے رہا ہے، وہ بلاشبہ حسنِ انتظام کا ایک زندہ نمونہ اور دینی اداروں کے لیے قابلِ تقلید مثال ہے۔ نظم، ضبط، اخلاص اور مقصدیت اس ادارے کی نمایاں پہچان بن چکے ہیں، جو ہر آنے والے کو متاثر کیے بغیر نہیں رہتے۔
قبلہ حضرت مولانا قاری محمد حق نواز صاحب دامت برکاتہم اور معروف دینی اسکالر، رکن اسلامی نظریاتی کونسل مفتی محمد زبیر صاحب دامت فیوضہم اور ان کے برادران جس فہم، حکمت اور اخلاص کے ساتھ ادارے کے نظم و نسق کو چلا رہے ہیں، وہ یقیناً اللہ تعالیٰ کا خاص فضل، خصوصی عنایت اور دینی خدمت کا روشن مظہر ہے۔ ان حضرات کی قیادت میں جامعہ صفہ نہ صرف علمی و فکری استحکام کی طرف گامزن ہے بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے مضبوط دینی بنیاد بھی فراہم کر رہا ہے۔
یہ ادارہ جہاں پورے عالمِ اسلام کے لیے ایک عظیم نعمت کی حیثیت رکھتا ہے، وہیں کراچی کے پسماندہ علاقے بلدیہ ٹاؤن کے لیے بھی اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک خاص رحمت اور انعام ہے۔ ایسے علاقے میں اس معیار کا دینی و تعلیمی ادارہ قائم ہونا اس بات کی دلیل ہے کہ اخلاص اور نیتِ صالح ہو تو اللہ تعالیٰ ناممکن کو ممکن بنا دیتا ہے۔
دعا ہے کہ اللہ رب العزت جامعہ صفہ کو دن دگنی رات چوگنی ترقی عطا فرمائے، اسے علم و عمل، تقویٰ و اخلاص کا گہوارہ بنائے اور اس سے وابستہ تمام ذمہ داران کی کاوشوں کو قبول فرماتے ہوئے انہیں اپنی خصوصی نصرت اور تائید سے نوازے۔ آمین
