اقوام متحدہ کے دنیا بھر میں محنت کشوں کی فلاح و بہبود کے ذیلی ادارہ عالمی ادارہ محنت(ILO) کی انٹرنیشنل لیبر کانفرنس کا 113واں سیشن 2 جون تا 13 جون عالمی ادارہ محنت کے صدر دفتر جنیوا، سوئزر لینڈ میں منعقد ہو گا ۔جس میں پاکستان سمیت عالمی ادارہ محنت کے 187 رکن ممالک کے سہ فریقی بنیاد پر سرکاری، آجران اور کارکنوں کے نمائندے شرکت کریں گے ۔
12 روزہ کانفرنس کے ایجنڈے میں عالمی ادارہ محنت کے سربراہ اور ڈائریکٹر جنرل کی رپورٹیں، مقبوضہ عرب علاقوں میں کارکنوں کی صورت حال، پروگرام اور بجٹ کا مسودہ، عالمی ادارہ محنت کے عہد ناموں اور سفارشات پر کمیٹی کی رپورٹ، ملازمتی چوٹوں کے تحفظ پر عمومی سروے شامل ہیں ۔
جبکہ عالمی کانفرنس کے دوران دنیا بھر سے آئے ہوئے سہ فریقی مندوبین کام کی دنیا کے اہم امور، کام کے ماحول میں حیاتیاتی خطرات سے کارکنوں کے تحفظ پر ممکنہ عالمی معیارات، پلیٹ فارم معیشت میں باوقار روزگار اور غیر رسمی سے رسمی معیشت میں عمل تغیر کے فروغ کے لئے جدید نقطہ نظر، سماجی ترقی پر دوسری عالمی کانفرنس میں سہ فریقی مدد اور جہاز رانی کے شعبہ میں مزدور عہد نامہ میں تبدیلیوں کے موضوعات پر خطاب کریں گے ۔