Home تازہ ترین شاہراہ فیصل ہائیڈرنٹ سے ٹھیکیداروں نے ملی بھگت سے نیا دھندہ کھول...

شاہراہ فیصل ہائیڈرنٹ سے ٹھیکیداروں نے ملی بھگت سے نیا دھندہ کھول لیا

کراچی : شاہراہ فیصل گورا قبرستان کے سامنے واقع ہائیڈرنٹ کا غیر قانونی استعمال بھی شروع کر دیا گیا ہے ۔ مبینہ طور پر ٹھیکیداروں کی اضافی گاڑیاں بھی لگا دی گئی ہیں اور ٹھیکیداروں نے ذاتی ڈِپ بھرنے اور ٹینکر باہر فروخت کرنے بھی شروع کر دیئے ہیں ۔

الرٹ نیوز کی تحقیقات کے مطابق شاہراہ فیصل ہائیڈرنٹ کا مقصد کنٹونمنٹ کے ان ایریاز کو پانی فراہم کرنا ہے جہاں واٹر بورڈز کی یا تو لائنیں نہیں ہیں یا بسا اوقات لائنوں میں پانی نہیں آتا ہے ۔ جس کیوجہ سے مین سپلائی لائن پر ایمرجنسی ہائیڈرنٹ قائم کیا گیا تھا ۔ جس کا اب غیر قانونی استعمال شروع کر دیا گیا ہے ۔

لسٹ کے مطابق موجودہ انتظامیہ نے 10 ٹھیکیداروں کی 10 گاڑیاں چھوڑ کر باقی سب ختم کر دی تھیں جس کی وجہ سے بعض افسران اور ٹھیکیداروں کا کام قدرے کم ہو گیا تھا تاہم اب دوبارہ گاڑیوں کی تعداد بڑھا دی گئی ہے اور بعض گاڑیوں کے ٹرپ بھی بڑھا دیئے گئے ہیں ۔

لسٹ کے مطابق ظہور کی گاڑی 0082 ‛ عقیل کی گاڑی 707 ‛ بابر کی گاڑی 689 ‛ شہزاد کی 777 گاڑی ‛ نذیر کی 020 گاڑی ‛ ذیشان کی 494 گاڑی ‛ جاوید کی 991 گاڑی اور سلیم کی 0782 کو پرچیاں دی گئی تھیں ۔ جن کی تعداد میں اب اضافہ کر دیا گیا ہے ۔

الرٹ کے سروے کے مطابق اب گاڑیوں کی تعداد بھی بڑھا دی گئی ہے تاکہ ٹھیکیداروں کے ساتھ ساتھ متعلقہ افسران کو بھی باہم فائدہ پہنچ سکے ۔ ذرائع کا دعوی ہے کہ بعض نچلی سطح کے ملازمین و افسران اعلی افسران کو اپنے غیر قانونی کام کی وجہ یہ بتاتے ہیں کہ موٹریں اور پمپ جل جاتے ہیں اوپر سے آنے والے پیسوں کو اس مد میں استعمال کیا جاتا ہے ۔

ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ اگر اعلی افسران غیر جانبدار تحقیقات کریں اور موجودہ ٹھیکیداروں کے ساتھ رابطے میں رہنے والے افسران کے اثاثے چیک کریں تو حقائق سامنے آ جائیں گے ۔

مذکورہ ٹھیکیداروں میں سے بعض کے ذاتی ڈِپ ہیں ۔ جن میں جاوید کا اپنا ذاتی ڈِپ ڈیفنس ویو نالے کے پاس ہے ۔ جب کہ بابر کا ذاتی ڈِپ قیوم آباد A ایریا میں اور عقیل کا ذاتی ڈِپ B ایریا میں واقع ہے ۔ جہاں شاہراہ فیصل ہائیڈرنٹ سے پانی لے جا کر ذخیرہ کیا جاتا ہے اور بعد ازاں مہنگے داموں فروخت کیا جاتا ہے ۔

NO COMMENTS

Exit mobile version