Home تازہ ترین جامعہ کراچی: شعبہ ابلاغ عامہ میں بی ایس ڈیجیٹل میڈیامارکیٹنگ ڈگری پروگرام...

جامعہ کراچی: شعبہ ابلاغ عامہ میں بی ایس ڈیجیٹل میڈیامارکیٹنگ ڈگری پروگرام کی تعارفی تقریب

جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے فروغ اور ذرائع مواصلات کی بے پناہ ترقی نے دنیا کو گلوبل ویلج بنادیاہے جس میں حقائق کو چھپایانہیں جاسکتا۔محدو دوسائل میں رہ کر بھی بہت کچھ کیاجاسکتاہے لیکن اس کے لئے تخلیقی صلاحیتوں کو ہوناناگزیرہے۔

عصرحاضر میں دنیا بھرمیں لوگ سونے سے زیادہ کچرے سے کمارہے ہیں اور ہم کہاں کھڑے ہیں۔ڈیجیٹلائزیشن کے اس دور میں اخلاقی اقداراور اخلاقیات کو نظراندازنہیں کرناچاہیئے۔دنیا تبدیل ہوگئی ہے اور عالمی رسائی کے لئے ٹیکنالوجی ضروری ہے،یہ نہ سمجھا جائے کہ روایتی میڈیا کی گنجائش کم یاختم ہوگئی ہے بلکہ ڈیجیٹل میڈیاکو بنیادیں روایتی میڈیا فراہم کررہاہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے شعبہ ابلاغ عامہ جامعہ کراچی کے سرور نسیم ہال میں منعقدہ بی ایس:”ڈیجیٹل میڈیا مارکیٹنگ“ ڈگری پروگرام کی تعارفی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ڈاکٹر خالد عراقی نے بتایا کہ جامعہ تواترکے ساتھ نئے ڈگری پروگرامز متعارف کرارہی ہے اور گزشتہ تین چارسال کے عرصے میں بی ایس ان پولٹری سائنس،بی ایس ان ہیومن نیوٹریشن اینڈ ڈائٹیٹکس،بی ایس ان میڈیکل لیبارٹری ٹیکنالوجی،بی ایس ان پبلک ہیلتھ اوراسی سال بی ایس ان اسپورٹس بزنس مینجمنٹ اوراب ڈیجیٹل میڈیا مارکیٹنگ متعارف کرایاجارہے۔ڈیجیٹل میڈیامارکیٹنگ متعارف کرانے کا سہراشعبہ ابلاغ عامہ جامعہ کراچی کی فیکلٹی کے سرہے۔

ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ بی ایس ڈیجیٹل میڈیا مارکیٹنگ کی اہمیت وافادیت کے پیش نظر فیصلہ کیاگیاہے کہ گریجویشن مکمل کرنے والے طلبہ بھی انٹرمیڈیٹ پاس کرنے والے طلبہ کی طرح داخلے کے اہل ہوں گے۔

اس موقع پر شعبہ ابلاغ عامہ جامعہ کراچی کی صدر ڈاکٹر عصمت آراء نے کہا کہ یہ شیخ الجامعہ پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی کا ویژن ہے جس کے نتیجے میں آج یہ ڈگری پروگرام متعارف کرایاجارہاہے۔ڈیجیٹل مارکیٹنگ ہمارے طلبہ کو انٹرپرینیورشپ کی طرف لے جائے گا اور ہمارے طلبہ اپنا کانٹینٹ خودتخلیق کرسکیں گے۔اب تک سات نجی جامعات میں یہ پروگرام چلایاجارہاہے لیکن جامعہ کراچی پہلی سرکاری جامعہ ہے جس میں مذکورہ ڈگری پروگرام شروع کیاجارہاہے۔

ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے ٹرینر،کنسلٹنٹ آصف اقبال نے کہا کہ دنیا تیزی سے تبدیل ہورہی ہے،اب یہ آپ پر منحصر ہے کہ آپ اپنے آپ کو بدلتے ہیں یا نہیں۔آگے بڑھنے کے لئے ضروری ہے کہ آپ تنقید کو مثبت لیں،اب پروگرامز میں روایتی ذرائع ابلاغ سے زیادہ بلاگرز اور ڈیجیٹل میڈیا سے وابستہ افراد کو بلایا جاتاہے۔

جیوکے ڈیجیٹل میڈیا سے وابستہ منظرالٰہی نے کہا کہ دنیا بھر اور بالخصوص پاکستان میں ڈیجیٹل میڈیا کے بہت زیادہ مواقع میسرہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم ڈیجیٹل میڈیا کا موجودہ دور کے مطابق استعمال سیکھیں۔

ٹی وی اداکارہ مصباح خالق نے کہا کہ ہمارے نوجوان ہی ہمارامستقبل ہیں،طلبہ میں اگرسیکھنے کا جذبہ ہوگاتوانہیں کوئی رکاؤٹ آگے بڑھنے سے نہیں روک سکتی۔

Exit mobile version