Home صحت و تعلیم ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن سندھ کی جانب سے "ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی” کا...

ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن سندھ کی جانب سے "ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی” کا قیام خوش آئند قرار

کراچی: ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (وائی ڈی اے) سندھ نے جناح اسپتال (JPMC) اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ (NICH) کے فیڈرل (Devolved) ملازمین کے مسائل کے حل کے لیے ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی کے قیام کو ایک مثبت اور حوصلہ افزا قدم قرار دیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق یہ کمیٹی ان ملازمین کے لیے ایک سنہری موقع ہے کہ وہ اپنے مسائل پیش کریں اور اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

چیئرمین وائی ڈی اے سندھ ڈاکٹر محبوب علی نوناری نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ کمیٹی ملازمین کے سروس رولز، ریگولیشنز، سینیارٹی اور دیگر اہم مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کے جائز حقوق کی پاسداری کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس اقدام سے ملازمین کی بے چینی ختم ہوگی، اور وہ سندھ حکومت کے ماتحت رہتے ہوئے اداروں کو مضبوط بنانے میں بھرپور تعاون کریں گے۔

ڈاکٹر نوناری کا کہنا تھا کہ ملازمین کے مسائل حل ہونے کے بعد یہ ہیلتھ ورکرز (ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈکس اور دیگر اسٹاف) اداروں کو بہتر بنانے میں ایک اہم کردار ادا کریں گے اور سندھ کے بڑے اسپتالوں کی کارکردگی کو مثالی بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ اسپتالوں میں ہیلتھ ورکرز کی کمی پورا کرنے کے لیے اضافی نشستوں کا اعلان کیا جائے۔ ان نشستوں کے ذریعے فیکلٹی، میڈیکل آفیسرز، اور دیگر عملے کو بھرتی کیا جا سکے تاکہ اسپتالوں کی کارکردگی میں بہتری لائی جا سکے اور صوبے کے ہیلتھ ورکرز کو زیادہ مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

ڈاکٹر محبوب علی نوناری نے امید ظاہر کی کہ سندھ حکومت مستقل بنیادوں پر ان اسپتالوں کو مزید مضبوط کرے گی اور ملازمین کے حقوق کی مکمل حفاظت کو یقینی بنائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جب ملازمین کو ان کے جائز حقوق ملیں گے تو وہ دل سے صوبے کے نظام صحت کی ترقی میں حصہ ڈالیں گے، اور اس سے سندھ کے بڑے اسپتالوں کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے حکومت سندھ، محکمہ صحت، اور تمام متعلقہ اداروں سے درخواست کی ہے کہ وہ اس عمل کو کامیاب بنانے میں فعال کردار ادا کریں تاکہ ہیلتھ سیکٹر کے مسائل کو فوری اور مؤثر طریقے سے حل کیا جا سکے۔

Exit mobile version