Home علاقائی ہری پور کوسٹر حادثہ: 26 باراتی دریا سندھ میں ڈوب کر جاں...

ہری پور کوسٹر حادثہ: 26 باراتی دریا سندھ میں ڈوب کر جاں بحق، 12 افراد لاپتہ

ہری پور (محمد آصف اعوان): ہری پور سے دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں استور سے چکوال آنے والے باراتیوں کی کوسٹر بس تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور سے بے قابو ہوکر دیامر تھلیچی کے مقام پر دریائے سندھ میں جا گری، جس کے نتیجے میں دلہے سمیت 26 باراتی ڈوب کر جاں بحق ہوگئے، جبکہ دلہن کو شدید زخمی حالت میں بچا لیا گیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے اب تک دریا سے خواتین اور بچوں سمیت 14 افراد کی لاشیں نکال لی ہیں جبکہ 12 افراد اب بھی لاپتہ ہیں اور خدشہ ہے کہ ان کی جانیں نہیں بچ سکیں۔

باراتیوں کی اس بدقسمت کوسٹر میں دلہا عامر عباس، ان کی والدہ، بھائی اور دیگر 22 باراتی شامل تھے جو سب کے سب جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ حادثے کا شکار کوسٹر بس استور سے چکوال کی جانب روانہ ہوئی تھی اور اس میں 27 افراد سوار تھے، جن میں کم از کم پانچ خواتین اور کئی بچے بھی شامل تھے۔

ریسکیو اہلکاروں کو اس افسوسناک حادثے کے بعد لاشیں نکالنے میں کئی گھنٹوں تک محنت کرنا پڑی، اور مزید لاشوں کی تلاش کے لیے بدھ کے روز دوبارہ کارروائی شروع کی جائے گی۔ حادثے نے علاقے میں غم و غصے اور افسوس کی فضا پیدا کردی ہے، اور اس واقعے کی تحقیقات بھی جاری ہیں تاکہ حادثے کے اصل محرکات کا پتہ چلایا جا سکے۔

Exit mobile version