عالمی ادارہ محنت (ILO) پاکستان کے زیر اہتمام اسلام آباد میں 11 اور 12 نومبر کو وطن عزیز کے محنت کشوں کے لئے ” پیشہ ورانہ سلامتی اور صحت ” کے موضوع پر دو روزہ قومی سہ فریقی کانفرنس کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ جس میں صنعتی شعبہ میں خدمات انجام دینے والے لاکھوں کارکنوں کے لئے صحت مند اور محفوظ کام کی جگہ، کام سے غیر حاضری میں کمی، حادثات کی شرح میں کمی اور پیداواریت میں اضافہ کی اہمیت پر زور دیا جائے گا۔ کانفرنس کے مہمان خصوصی مسٹر مانیئولا تونائی آئی ایل او کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل برائے گورننس، حقوق اور مکالمہ ہوں گے۔ کانفرنس کے آغاز میں وفاقی سیکریٹری وزارت بیرون ملک پاکستانی و ترقی انسانی وسائل حکومت پاکستان ڈاکٹر ارشد محمود خیر مقدمی کلمات ادا کریں گے جبکہ کانفرنس میں آجران کی تنظیم ایمپلائیرز فیڈریشن آف پاکستان(EFP) کے رہنماء مجید عزیز، سیکریٹری سید نذر علی، عالمی ادارہ محنت جنیوا کی گورننگ باڈی کے رکن ظہور اعوان، شمس الرحمٰن سواتی صدر نیشنل لیبر فیڈریشن (NLF) پاکستان، چوہدری محمد یاسین پاکستان ورکرز فیڈریشن(PWF)، وقار احمد میمن اور مختار حسین اعوان پاکستان یونائیٹڈ ورکرز فیڈریشن(PUWF) وزرات بیرون ملک پاکستانی و ترقی انسانی وسائل حکومت پاکستان کے اعلیٰ حکام، ڈاکٹر جاوید احمد شیخ عارضی چیئرمین EOBI ،چاروں صوبوں کے محکمہ ہائے محنت، ادارہ ہائے سماجی تحفظ ، محنت کشوں کی فلاح و بہبود کے محکموں کے اعلیٰ حکام، پیشہ ورانہ سلامتی اور صحت کے ماہرین، مختلف صنعتی شعبوں کے ٹریڈ یونینز کے نمائندے شرکت کریں گے۔ اس موقع پر چوہدری سالک حسین وفاقی وزیر بیرون ملک پاکستانی و ترقی انسانی وسائل پیشہ ورانہ سلامتی اور صحت کے منصوبہ کا افتتاح کریں گے اور وفاقی سیکریٹری ڈاکٹر ارشد محمود ایک قراداد پیش کریں گے۔ کانفرنس کے اختتام پر عالمی ادارہ محنت کے کنٹری ڈائریکٹر برائے پاکستان گیئر تھامس ٹونسٹول اختتامی کلمات ادا کریں گے ۔