Home اسلام لیاقت باغ راولپنڈی میں تاریخ ساز اھل حدیث کانفرنس

لیاقت باغ راولپنڈی میں تاریخ ساز اھل حدیث کانفرنس

تحریر: حافظ مقصود احمد

اللہ رب العزت نے اپنے دین حنیف کی خدمت اور کتاب وسنت کی قولا وعملا حفاظت و نشرواشاعت کا جو شرف اھل حدیث کو بخشا ھے وہ ھمارے لیے باعث فخر ھے،اس سلسلہ میں گذشتہ روز 2 نومبر 2024 کو لیاقت باغ راولپنڈی کے وسیع وعریض میدان میں اھل حدیث یوتھ فورس پاکستان نے اھل حدیث کانفرنس کا انعقاد کیا،جو بحمد اللہ بڑے تزک و احتشام سے منعقد ھوئی اور علماء و قائدین نے کھلے الفاظ میں دعوت حقہ کو قوم کے سامنے پیش کیا،اس کانفرنس کی خوبی یہ رھی کہ راولپنڈی و اسلام آباد کے در و دیوار سے لاکھوں افراد تک اشتہارات،بینرز،اور ریلی کی صورت میں اھل حدیث کا پیغام پہنچا،اس سے قبل اتنے وسیع پیمانے پر لفظ اھل حدیث کی تشہیر ان دو شہروں میں میں نے نہیں دیکھی،لیاقت باغ میں حضرت مولانا محمد اسمعیل ذبیح رحمہ اللہ اور حضرت علامہ احسان الہی ظہیر رحمہ اللہ کی سرپرستی میں بھی بڑی بڑی کانفرنسیں منعقد ھو چکی ھیں،جو اس دور کے اعتبار سے بہت کامیاب اور عظیم الشان تھیں ، لیکن اس وقت میڈیا اور تشہیر کے وہ مواقع نہ تھے جو آج میسر ھیں، قائدین یوتھ فورس نے میڈیا کو بھر پور اور منظم طریقے سے استعمال کیا،پورے ملک میں ایک ھنگامہ برپا تھا،ایک آواز گونج رھی تھی،خبریں نشر ھو رھی تھیں،سالار اھل حدیث یوتھ فورس جناب حافظ سلمان اعظم صاحب اپنے رفقاء کار حافظ عبدالغفور صاحب جہلمی،مولانا حافظ محمد قسیم صاحب شیخوپوری اور دیگر احباب کے ھمراہ ملک کے طول وعرض میں کانفرنس کا پیغام لے کر گئے، سینکڑوں علماء اورخواص وعوام سے ملاقاتیں کیں، تقریبا دو ماہ تک خوب ورک کیا،مرکزی جمعیت اھل حدیث پاکستان کی قیادت کو لیاقت باغ کی اس تاریخ ساز کانفرنس سے مخاطب ھونے کے لیے اسٹیج کو سجایا ،جہاں قائدین کرام ،قائد اھل حدیث وملت سلفیہ جناب حضرت پروفیسر ساجد میر حفظہ اللہ ،قائد محترم جناب حضرت ڈاکٹر حافظ عبدالکریم حفظہ اللہ،حضرت قاری صہیب احمد میر محمدی حفظہ اللہ،جناب صاحبزادہ معتصم الہی ظہیر حفظہ اللہ،حضرت مولانا سید سبطین شاہ نقوی حفظہ اللہ اور دیگر علماء وخطباء نے عقیدہ توحید،تحفظ ختم نبوت اور ناموس صحابہ کے موضوعات پر مسلک کی ترجمانی کا حق ادا کیا، اس عظیم الشان کانفرنس کے انعقاد پر میں مرکزی جمعیت اھل حدیث اسلام آباد کی طرف سے قائد اھل حدیث یوتھ فورس جناب حافظ عامر صدیقی صاحب،سالار یوتھ فورس جناب حافظ سلمان اعظم صاحب،جناب حافظ عبدالغفور صاحب ،جناب حافظ محمد قسیم صاحب اور ان کے رفقاء کرام کو خراج تحسین پیش کرتا ھوں،یقینا یہ کانفرنس اھل حدیث یوتھ فورس پاکستان کی تاریخ میں ایک سنہری باب کا اضافہ ھو گی اور اس سلسلہ میں بالعموم یوتھ فورس کے نوجوانوں، بالخصوص اسلام آباد و راولپنڈی کی یوتھ قیادت کی محنتوں اور قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکے گا،اس کانفرنس نے ایک تاریخ رقم کی ھے،نوجوانوں کو عزم نو عطا کیا ھے،میدان عمل میں اترنے اور کچھ کر گذرنے کا حوصلہ دیا ھے،نیک جذبوں کو ابھارا ھے،بقول علامہ اقبال:

شورش عندلیب نے روح چمن میں پھونک دی
ورنہ یہاں کلی کلی مست تھی خواب ناز میں

اللہ تعالی ھمارے نوجوانوں اور یوتھ فورس کے شاھینوں کو مزید ھمت اور حوصلوں سے نوازے اور انہیں نسل نو کی قیادت کی توفیق عطا فرمائے۔

NO COMMENTS

Exit mobile version