Home صحت و تعلیم سندھ ایچ ای سی کی جانب سے گرانٹ میں تاخیر؛ جامعہ کراچی...

سندھ ایچ ای سی کی جانب سے گرانٹ میں تاخیر؛ جامعہ کراچی کے اساتذہ میں تشویش کی لہر

کراچی: انجمن اساتذہ جامعہ کراچی نے سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کی جانب سے ملنے والی سہ ماہی گرانٹ کی عدم ادائیگی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انجمن کے صدر، پروفیسر ڈاکٹر شاہ علی القدر نے کہا کہ سندھ ایچ ای سی اور وفاقی ایچ ای سی کی جانب سے گرانٹس کی بروقت عدم فراہمی سے نہ صرف جامعہ کراچی بلکہ دیگر یونیورسٹیوں میں بھی تنخواہوں کی ادائیگی میں رکاوٹیں پیدا ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس تاخیر کے باعث اساتذہ اور دیگر عملے میں بے چینی اور عدم اطمینان کی کیفیت پیدا ہو رہی ہے، جو تعلیمی ماحول پر بھی منفی اثر ڈالتی ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر شاہ علی القدر نے وفاقی اور صوبائی حکومت سے اپیل کی کہ وہ ایچ ای سی کے موجودہ طریقہ کار پر نظر ثانی کریں اور گرانٹس کی بروقت ادائیگی کے لیے مؤثر نظام وضع کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ بروقت مالی معاونت کے ذریعے تعلیمی اداروں کی کارکردگی اور اساتذہ کی فلاح و بہبود میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے فوری اور سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ اس مسئلے کا مستقل حل نکالا جا سکے اور تعلیمی نظام کو مالی مشکلات سے نجات مل سکے۔

Exit mobile version