پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کی میزبانی کے لیے تیار
اسلام آباد: پاکستان اس مہینے کی پندرہ اور سولہ تاریخ کو اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے سربراہان حکومت کی کونسل کے 23ویں اجلاس کی میزبانی کرے گا۔دفتر خارجہ کی ترجمان کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے سربراہان کے اجلاس کی صدارت کریںگے۔
شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک چین، روس، بیلاروس، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان کے وزرائے اعظم کے علاوہ ایران کے پہلے نائب صدر اور ہندوستان کے وزیر خارجہ اپنے ممالک کی نمائندگی کریں گے۔منگولیا کے وزیراعظم، مبصر ریاست اور ترکمانستان کی کابینہ کے نائب چیئرمین اور وزرائے خارجہ اور خصوصی مہمان اس اجلاس میں شرکت کریں گے۔
وزیراعظم اجلاس کے موقع پر دورے پر آئے ہوئے وفود کے سربراہان سے اہم دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریںگے۔شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کی کونسل کے سربراہان حکومت اجلاس میں معیشت، ماحولیات، سماجی و ثقافتی روابط کے شعبوں میں تعاون پر بات چیت کی جائے گی اور تنظیم کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔قائدین شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان تعاون کو مزید بڑھانے اور تنظیم کے بجٹ کی منظوری کے لئے اہم تنظیمی فیصلے کریںگے۔