بھکر (اللہ دتا): دریا خان کے علاقے ہاشمی چوک بالمقابل ڈاک خانہ ایک افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جس میں ایک 12 سالہ بچہ، نور خان ولد گل خان، ٹرک کے نیچے آ کر جانبحق ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق بچہ سائیکل پر سوار تھا اور حادثہ اس وقت پیش آیا جب ٹرک نے اسے ٹکر ماری، جس کے نتیجے میں بچہ ٹرک کے اگلے ٹائر کے نیچے آ گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثہ اچانک پیش آیا، جس میں بچہ موقع پر ہی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ متاثرہ بچے کا تعلق ٹبہ سیگڑانوالہ سے بتایا جا رہا ہے۔
حادثے کے فوراً بعد ریسکیو 1122 کا عملہ موقع پر پہنچا اور لواحقین کے اصرار پر بچے کی لاش ان کے گھر پہنچا دی گئی۔ اس دوران تھانہ سٹی پولیس کا عملہ بھی اطلاع ملنے پر متاثرہ خاندان کے گھر روانہ ہو گیا تاکہ قانونی کارروائی کی جا سکے۔
حادثہ نے علاقے میں غم اور افسوس کی فضا پیدا کر دی ہے۔ مقامی افراد نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور تیز رفتاری پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور متعلقہ حکام سے سڑکوں پر بہتر حفاظتی اقدامات کرنے کی درخواست کی ہے تاکہ آئندہ ایسے المناک واقعات سے بچا جا سکے۔