Home پاکستان بین الاقوامی آرٹ نمائشیں اقوام کے درمیان فنکارانہ اور ثقافتی تعلقات کو...

بین الاقوامی آرٹ نمائشیں اقوام کے درمیان فنکارانہ اور ثقافتی تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں – وفاقی وزیر اطلاعات

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بین الاقوامی آرٹ نمائشیں اقوام کے درمیان فنکارانہ اور ثقافتی تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو یہاں پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) میں عالمی شہرت یافتہ سری لنکن مصور معین ساہید اور ان کے بیٹے بلال راجی ساہید کی پینٹنگ نمائش سے بحیثیت مہمان خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے ثقافتی تبادلوں اور سوچ کو جنم دینے والے فن پاروں میں سری لنکا کے مصوروں معین ساہید اور بلال راجی ساہید کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے معین ساہید کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان مضبوط دوستی کی یادگار کے طور پر پاکستان کے کسی اہم تاریخی مقام پر ایک پینٹنگ تیار کرنے کی دعوت بھی دی۔ واضح رہے کہ پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) نے حال ہی میں عالمی شہرت یافتہ سری لنکن مصور معین ساہید اور ان کے بیٹے بلال راجی ساہید کی شاندار پینٹنگز نمائش کے اختتامی مرحلے کی میزبانی کی۔ نمائش کو پاکستانی عوام، آرٹ کے شائقین نے وسیع پیمانے پر سراہا۔

معین ساہید نے سری لنکا کے قدیم غاروں اور چٹانوں پر کندہ کتبے کے موضوع پر اپنی تخلیقات پیش کیں۔ اپنی تخلیقات میں مشہور اپسرا پیننگز کے عناصر کو شامل کر کے انہوں نے سامعین کے دلوں کو گہرائیوں تک چھوا۔ معین ساہید نے لاہور میوزیم کی مستقل کولیکشنز کے لئے میوزیم کے ڈائریکٹر جنرل کو اپنی ایک پینٹنگ بھی پیش کی۔ بلال راجی ساہید جو لندن کے رائل کالج آف آرٹ سے گریجویٹ ہیں، نے اپنی سری لنکن ثقافتی سوچ اور مشاہدات کو منعکس کرنے والے فن پاروں کی سیریز پیش کی۔

اپنی نمائشوں کے علاوہ معین ساہید اور بلال راجی ساہید نے نیشنل کالج آف آرٹس اور پنجاب یونیورسٹی کے فنون لطیفہ کے شعبے سمیت قابل ذکر اداروں میں متعدد دلچسپ مباحثوں کا بھی اہتمام کیا۔ پی این سی اے میں یہ نمائش 20 اکتوبر 2024ءتک جاری رہے گی۔ اس دوران فنکاروں کی گفتگو، سیشن اور ورکشاپس بھی منعقد ہوں گی۔

Exit mobile version