Home عالمی فلسطینی ریاست کا قیام ہی مسئلے کا حل: شہباز شریف کی محمود...

فلسطینی ریاست کا قیام ہی مسئلے کا حل: شہباز شریف کی محمود عباس سے ملاقات میں عالمی برادری سے فوری جنگ بندی کا مطالبہ

نیویارک: وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان شہباز شریف نے جمعرات کو نیو یارک میں فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات کی اور اس موقع پر عالمی برادری سے غزہ میں فوری جنگ بندی اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان ہمیشہ فلسطین کے حق میں آواز بلند کرتا رہے گا۔ انہوں نے اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں پر جاری مظالم کو نسل کشی قرار دیا اور کہا کہ وقت آ چکا ہے کہ غزہ میں جاری جنگ کا خاتمہ ہو اور فلسطینیوں کو ان کی اپنی آزاد ریاست میں زندگی گزارنے کا حق دیا جائے۔

وزیراعظم نے فلسطینی عوام کی بہادری، صبر اور استقامت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور وہ جلد ایک آزاد ریاست میں خوشحال زندگی گزاریں گے۔ اس موقع پر فلسطینی صدر محمود عباس نے بھی پاکستان کے تاریخی حمایت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان ہمیشہ فلسطینی کاز کے ساتھ کھڑا رہا ہے، اور فلسطینی عوام اس کی قدر کرتے ہیں۔

اس سے قبل، وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے اسرائیل پر فلسطینیوں کی نسل کشی کے ردعمل میں تجارتی اور ہتھیاروں کی پابندیاں عائد کرنے کی اپیل کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو اسرائیل کی جانب سے مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے فوری اقدامات کرنے چاہئیں۔

انہوں نے لبنان پر اسرائیلی بمباری کی بھی مذمت کی اور زور دیا کہ اسرائیلی قیادت کو ان کے جرائم کا جوابدہ ٹھہرایا جانا چاہیے۔

مسئلہ کشمیر پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو جموں و کشمیر کے تنازعے کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے کیونکہ یہ عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ ہے۔

Exit mobile version