کراچی : نیشنل پیس اینڈ جسٹس کونسل کے ڈپٹی چیف ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر پیر محمد عتیق الرحمن فاروقی اور کوآرڈینیٹر محمد عرفان نے چیف سیکرٹری گلگت بلتستان (جی بی) کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں ایک باصلاحیت اور باوقار افسر قرار دیا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ چیف سیکرٹری کی قیادت میں گلگت بلتستان بہترین سمت میں گامزن ہے۔ انہوں نے آئی جی گلگت بلتستان اور چیف سیکرٹری کے دیگر صوبوں کے ساتھ کوآرڈینیشن اور باہمی رابطہ کاری کے عمل کو انتہائی قابل ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے صوبائی ہم آہنگی کو فروغ مل رہا ہے۔
مشترکہ بیان میں اس بات پر خصوصی زور دیا گیا کہ گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی اور امن و امان کے قیام کے لیے سرکاری اداروں اور عوام کے درمیان روابط کو مزید مضبوط اور فعال بنانا ہو گا۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اس مقصد کے حصول اور عوامی فلاح کے لیے نیشنل پیس اینڈ جسٹس کونسل اپنا بھرپور اور مثبت کردار ادا کرنے کے لیے ہر وقت تیار ہے۔
نیشنل پیس اینڈ جسٹس کونسل کے رہنماؤں نے گلگت بلتستان کے آئندہ انتخابات کے حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین سے مخلصانہ اپیل کی کہ وہ ذمہ داری کا ثبوت دیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے رہنما جی بی کے پرامن الیکشن کے ماحول کو خراب کرنے سے سختی سے احتیاط کریں اور ایسا کوئی قدم نہ اٹھائیں جس سے امن و امان متاثر ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ گلگت بلتستان کا امن اور ترقی یہاں کے عوام کا حق ہے، جس کے تحفظ کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
