کراچی : سیکرٹری محکمہ اطلاعات سندھ ندیم الرحمن میمن کی قیادت میں محکمہ اطلاعات کے ڈائریکٹرز نے کراچی پریس کلب کا دورہ کیا اور پریس کلب کے نو منتخب عہدیداروں کو مبارک باد اور گلدستے پیش کیے۔ پریس کلب کے قائم مقام صدر رشید میمن، سیکریٹری شعیب احمد اور دیگر عہدیداروں نے استقبال کیا۔
اس موقع پر ڈی جی انفارمیشن سلیم خان، ڈائریکٹر یوسف کابورو ،ڈائریکٹر امتیاز جویو،ڈائریکٹر اختر علی سرھیو، جوائنٹ سیکرٹری محمد منصف، گورننگ باڈی کے ممبران شمس کیریو،نورمحمد،شازیہ حسن سمیت صحافیوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی ۔
اس موقع سیکرٹری اطلاعات ندیم میمن نے کہا کہ کراچی پریس کلب اور محکمہ اطلاعات سندھ ایک دوسرے کے ساتھ لازم ملزوم ہہیں ۔صحافیوں کے مسائل کا حل ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے، صحافیوں کو تنخواہیں دیر سے ملنے اور میڈیا کے اداروں سے صحافیوں کو نوکری سے نکالنے کے معاملے پر سندھ حکومت کارروائی کررہی ہے ۔
ایک میڈیا ادارے کے اشتہارات ملازمین کو نوکریوں سے نکالنے پر بند کیے ہیں. ندیم الرحمن میمن اور سلیم خان نے کراچی پریس کلب کے نومنتخب صدر سعید سربازی ،سیکرٹری شعیب احمد اور دیگر عہدیداروں کو الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور ا ن کے لیے نیک تمناوں کا اظہار کیا ۔
اس موقع پر ،ندیم الرحمن میمن نے کہا کہ حکومت سندھ صحافیوں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور ان کے حل کے لیے کوششیں کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی پریس کلب اور محکمہ انفارمیشن کا چولی دامن کا ساتھ ہے ۔کراچی پریس کلب کے ممبران کے پلاٹس کے جو مسائل اس کے حل کے لیے محکمہ بلدیات سے رابطہ کیا جائے جبکہ اس حوالے سے حکومتی کمیٹی بھی کام کررہی ہے ،جس کا اسی ماہ اجلاس بلایا جائے گا ۔
انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ کراچی پریس کلب کی سالانہ گرانٹ میں بھی اضافہ کیا جائے ۔ندیم الرحمن میمن نے کہا کہ مختلف اداروں میں صحافیوں کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی کا نگراں وزیراعلی سندھ جسٹس (ر)مقبول باقر نے بھی نوٹس لیا ہے ۔ہم روزنامہ دنیا کے اشتہارات بھی اسی وجہ سے گزشتہ تین ماہ سے بند کیے ہوئے ہیں ۔اگر دیگر اداروں میں بھی اس طرح کے مسائل موجود ہیں تو ہمیں تحریری طور پر آگاہ کیا جائے کیونکہ ہم اس پر ازخود نوٹس نہیں لے سکتے ہیں ۔ہمیں درخواست ملی تو ایسے اداروں کے اشتہارات بھی بند کر دیئے جائیں گے ۔ ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز محمد سلیم خان نے کہا کہ محکمہ اطلاعات کے دروازے صحافیوں اور صحافتی اداروں کے لئے ہمیشہ کھلے ہیں،انہوں نے مزید کہا کہ صحافیوں کی مالی امداد کا مسئلہ جلد حل ہو جائے گا ۔
اس موقع پر کراچی پریس کلب کے قائم مقام صدر عبدالرشید میمن اور سیکرٹری شعیب احمد نے ندیم الرحمن میمن کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ کراچی پریس کلب ہمیشہ مظلوم طبقات کی آواز بنا ہے اور یہ ملک آزادی اظہار رائے کا سب سے بڑا استعارہ ہے ۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات سندھ نے ہمیشہ کراچی پریس کلب کے مسائل کے حوالے سے ہماری بات توجہ سے سنی ہے اور مسائل کے حل کے لیے کاوشیں کی ہیں ۔انہوںنے کہا کہ افسوسناک امر یہ ہے کہ سب کے لیے آواز بلند کرنے والے صحافی اس وقت مشکلات کا شکار ہیں ۔اداروں میں ڈاون سائزنگ اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے مسائل بڑھتے جارہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ کلب کے ممبران کے پلاٹس کے مسائل اور نئے ممبران کے لیے پلاٹس کی الاٹمنٹ کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔ ہمیں امید ہے کہ سیکرٹری اطلاعات سندھ اس حوالے سے نگراں وزیراعلیٰ سندھ سے بات کریںگے ۔ہمارا مطالبہ ہے کہ سرکاری اشتہارات کو ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی سے مشروط کیا جائے ۔