کراچی : اینٹی کرپشن دفتر میدانِ جنگ بن گیا ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر کا ڈپٹی ڈائریکٹر پر حملہ، مقدمہ درج کر لیس گیا ۔
اینٹی کرپشن ساؤتھ زون کے دفتر میں ڈسپلن کی دھجیاں اڑا دی گئیں، جہاں ایک ماتحت افسر نے اپنے ہی سینیئر پر حملہ کر کے انہیں زمین پر پٹخ دیا ۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم افسر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق یہ ناخوشگوار واقعہ اس وقت پیش آیا جب ڈپٹی ڈائریکٹر عمر فاروق مہر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر عمران شیخ کے درمیان دفتری امور اور انکوائری فائلوں کی واپسی پر تلخ کلامی ہوئی۔ بات چیت کے دوران غصے میں بپھرے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر عمران شیخ نے آپے سے باہر ہو کر ڈپٹی ڈائریکٹر کو زوردار دھکا دیا، جس کے نتیجے میں عمر فاروق مہر زمین پر گر گئے ۔
واقعے کے فوری بعد دفتر میں افراتفری مچ گئی اور پولیس کو طلب کیا گیا ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ساؤتھ کی مدعیت میں میٹھادر تھانے میں عمران شیخ کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔ ایف آئی آر میں کار سرکار میں مداخلت، سینیئر افسر پر حملے اور دفتری نظم و ضبط کی خلاف ورزی کی دفعات شامل کی گئی ہیں ۔
پولیس نے ملزم عمران شیخ کو حراست میں لے لیا ہے، جبکہ اینٹی کرپشن حکام کی جانب سے واقعے کی اعلیٰ سطحی انکوائری کا حکم بھی دیا گیا ہے۔ دفتری حلقوں میں اس واقعے کو ادارے کی ساکھ کے لیے انتہائی نقصان دہ قرار دیا جا رہا ہے ۔
