کراچی(پریس ریلیز)نگراں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر سعد خالد نیاز ، وائس چانسلر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر امجد سراج میمن نے منگل کو کراچی پریس کلب میں جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے تعاون سے قائم شبانہ شفیق ڈینٹل کلینک کاافتتاح کردیا ہے ۔افتتاحی تقریب میں صدر کراچی پریس کلب سعید سربازی ،سیکرٹری شعیب احمد،نائب صدر مشتاق سہیل ،خازن احتشام سعید قریشی ،گورننگ باڈی کے ارکان ذوالفقارراجپر،کلثوم جہاں، فاروق سمیع ہیلتھ کمیٹی کے سیکرٹری طفیل احمد ،سابق صدر کراچی پریس کلب امتیاز خان فاران ، پی ایف یو جے کے نائب صدر افسر عمران ، سابق سیکرٹری ارمان صابر ، ڈاکٹر جبار خٹک سمیت کلب ممبران کی بڑی تعداد شریک ہوئی ۔
ڈاکٹرسعد خالد نیاز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دانتوں کے علاج انشورنس کمپنی بھی کور نہیں کرتی ہے ۔ میں مشکور ہوں جے ایس ایم یو کا جنہوں نے کراچی پریس کلب میں ڈینٹل کلینک کے قیام کے لیے تعاون کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال کے روک تھام کے لیے میڈیا ہمارا ساتھ دے ۔یہ ہمارے بچوں کے مستقبل کا سوال ہے۔ہمیں اس کے خلاف جنگ کرنا ہوگی۔ہم اپنی طرف سے جتنا ہوسکے گا کام کریں گے تاہم میڈیا کی آگہی اس میں بہت ضروری ہے۔آئس کی اسمگلنگ کو روکنا نا ممکن ہے۔اس بارے میں آگہی ہونی چائیے۔انہوں نے کہا کہ ہیپا ٹائٹس کے حوالے سے سکریننگ میں ہم کراچی پریس کلب کی مدد کرینگے۔ہم محکمہ صحت کو بہتری کی طرف لے جارہے ہیں۔ادویات کی قلت کو ختم کرنے کی کوشش کرہے ہیں۔
وائس چانسلر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر امجد سراج میمن نے کہا کہ کراچی پریس کلب کے ہم شکرگزار ہے کہ ہمیں خدمت کا موقع دیا۔ہم صحافیوں کی قدر کرتے ہیں ۔انہوں کہا کہ کراچی پریس کلب میں قائم ڈینٹل کلینک میں صحافیوں کا ابتدائی علاج بلا معاوضہ ہوگا جبکہ جے پی ایک سی میں مزید علاج پر 50 فیصد رعایت دی جائے گی۔ تمام میڈیکل ٹیسٹ 40 فیصد رعایت پر کئے جائیں گے ، دودن کے لئے شوگر اور کولسٹرول کا ٹیسٹ فری ہوگا۔انہوں اعلان کیا کہ کلب ممبران کے بچے جو میرٹ پر پورا اتریں گے ان کے تعلیمی اخراجات جناح سندھ یونیورسٹی اٹھائے گی ۔صدر کراچی پریس کلب سعید سربازی نے ڈینٹل کلینک کے قیام کے حوالے سے جے پی ایم سی کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے ممبران کو ہر طرح کا ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ڈینٹل کلینک کا قیام اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کلب ممبران کو میڈیکل کی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے مزید اقدامات بھی کیے جائیں گے ۔سیکرٹری کراچی پریس کلب شعیب احمد ننے کہا کہ میڈیا ورکرز کے حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے ہیلتھ کے حوالے سے ممبران کے لئے صحت کی سہولیات کا ہونا ضروری ہے ۔سرکاری اسپتال سے علاج مشکل اور دشوار ہے۔
کراچی پریس کلب کی جانب سے کتیانہ میمن ماڈرن اسپتال اور جے ایس ایم یو سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کراچی پریس کلب وہ واحد کلب ہے جس میں ڈینٹل کلینک ہے۔ان کاموں کا الیکشن سے کوئی تعلق نہیں ہے۔الیکشن میں کامیابی یا ناکامی سے کو پس پشت ڈال کر کلب کی ترقی کے لئے ہمیشہ کام کرینگے۔انہوںنے کہا کہ ممبران فیصلہ کرینگے کہ وہ ہمارے کام سے کتنا مطمئن ہیں ۔
قبل ازیں کراچی پریس کلب اور جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے درمیان ایم او یو پر دستخط کیے گئے ۔تقریب کے اختتام پر صدر اور سیکریٹری کراچی پریس کلب نے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹرسعد خالد نیاز ،وائس چانسلر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر امجدسراج میمن ،رجسٹرار اعظم خان ،پی آر او سدرا محسن اور سیکریٹری ہیلتھ کمیٹی طفیل احمد کو شیلڈز پیش کی گئیں ۔