خان پور: نادرہ آفس میں ٹاؤٹ مافیا کا راج، عوام ذلیل و خوار، منیجر کی مبینہ کرپشن کے خلاف شدید احتجاج
خان پور میں نادرہ آفس کرپشن، بدعنوانی اور ٹاؤٹ مافیا کے باعث عوامی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ نادرہ آفس کے منیجر منظور دشتی پر الزام ہے کہ وہ اپنی جیب گرم کرنے کے لیے ٹاؤٹ مافیا کے ساتھ ساز باز کر چکے ہیں۔ یہ مافیا کھلے عام کام کرتے ہوئے شہریوں سے اضافی رقم بٹور رہی ہے، جبکہ عام افراد کو طویل انتظار اور ذلت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
معروف سیاسی اور سماجی رہنما، چیئرمین الشریف ویلفیئر ٹرسٹ حافظ محمد دین محمدی نے کہا کہ نادرہ آفس میں صبح سویرے شناختی کارڈ، ب فارم اور پاسپورٹ بنوانے کے لیے آنے والے شہریوں کو قطاروں میں کھڑا رکھا جاتا ہے، جبکہ پیسے دے کر کام کروانے والے افراد کو ترجیحی بنیاد پر خدمات فراہم کی جاتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سابق منیجر محمد صابر کے دور میں ٹاؤٹ مافیا کے داخلے پر سخت پابندی تھی، مگر موجودہ منیجر منظور دشتی کے آنے کے بعد یہ مافیا دوبارہ فعال ہو گیا ہے۔ پیسے دینے والوں کو فوری ٹوکن فراہم کیا جاتا ہے، جبکہ عام شہریوں کو ٹال مٹول کر کے ذلیل کیا جاتا ہے۔
عوامی و سماجی حلقوں نے وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ:
- منظور دشتی کو فوری طور پر معطل یا تبدیل کیا جائے۔
- نادرہ آفس میں ٹاؤٹ مافیا کے داخلے پر سخت پابندی لگائی جائے۔
- ایماندار اور دیانتدار افسر کو نادرہ آفس میں تعینات کیا جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔
یہ مطالبات عوامی مسائل کے فوری حل اور نادرہ آفس میں شفافیت کی بحالی کے لیے پیش کیے گئے ہیں۔