Home صحت و تعلیم عالمی کتب میلہ: کراچی کے شہریوں کی بھرپور شرکت

عالمی کتب میلہ: کراچی کے شہریوں کی بھرپور شرکت

پانچ روزہ عالمی کتب میلے کے دوسرے دن شہریوں کی بڑی تعداد میں شرکت
ترکی کی جانب سے لگایا گیا اسٹال لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گیا، مفت کتب تقسیم کی گئیں
عالمی کتب میلہ کراچی کے شہریوں کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں ہے، ایڈیشنل ڈائریکٹر انسپکیشن اینڈ رجسٹریشن انسٹی ٹیوشن رافعہ جاوید
ہمارے علاقے کے تمام اسکولز اس کتب میلے میں شرکت کریں گے اور اس کے لیے فنڈز بھی مختص کریں گے، جناح ٹاؤن چیئرمین رضوان عبدالسمیع

کراچی (اسٹاف رپورٹر): ایکسپو سینٹر کراچی میں جاری پانچ روزہ عالمی کتب میلے کے دوسرے روز شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ صبح سے ہی اسکولز، کالجز، یونیورسٹیوں اور مدارس کے طلبہ، اساتذہ، سماجی و ادبی شخصیات اور سرکاری حکام نے کتب میلے کا رخ کیا۔

میلے کے نمایاں اسٹالز میں ترکی کی جانب سے لگایا گیا اسٹال شہریوں کی توجہ کا مرکز بن گیا، جہاں مفت اسلامی کتب تقسیم کی گئیں۔ ترکی کے نمائندے محمد نے کہا کہ پاکستان ہمارا برادر ملک ہے اور یہاں کے لوگوں کا خلوص دیکھ کر خوشی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں میں کتب سے محبت دیکھنا انتہائی خوش آئند ہے اور ہم آئندہ سال بھی اس میلے میں شرکت کریں گے۔

کتب میلے میں شریک ایڈیشنل ڈائریکٹر انسپکیشن اینڈ رجسٹریشن انسٹی ٹیوشن رافعہ جاوید نے کہا کہ اس جدید دور میں بھی کتابوں کی اہمیت کم نہیں ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کتابیں ہماری بنیاد ہیں اور ہمیں اپنی نئی نسل کو یہ ورثہ منتقل کرنا ہے۔

جناح ٹاؤن چیئرمین رضوان عبدالسمیع نے کہا کہ ایسی تقریبات معاشرے میں علم اور شعور کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے علاقے کے تمام اسکولوں کو کتب میلے میں شرکت کے لیے مدعو کریں گے اور اس مقصد کے لیے فنڈز بھی مختص کیے جائیں گے۔

میلے میں موجود شرکاء نے کہا کہ کتابیں انسانی شعور کے ارتقاء کا بنیادی ذریعہ ہیں، اور کوئی دوسرا ذریعہ کتاب کی جگہ نہیں لے سکتا۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ ایسے کتب میلے سال میں دو بار منعقد کیے جائیں تاکہ کتابوں کی محبت اور ان کی اہمیت کو اجاگر کیا جا سکے۔

عالمی کتب میلہ کراچی کے شہریوں کے لیے نہ صرف ایک تفریحی موقع ہے بلکہ یہ علم کے فروغ اور نئی نسل کو کتب بینی کی طرف راغب کرنے کا ایک اہم ذریعہ بھی ثابت ہو رہا ہے۔

Exit mobile version