Home جرائم وہاڑی: پٹواری 25 لاکھ رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار

وہاڑی: پٹواری 25 لاکھ رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار

اینٹی کرپشن ٹیم کی بڑی کارروائی: وہاڑی کے پٹواری مشتاق احمد رشوت لیتے گرفتار

وہاڑی: اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ ملتان ریجن نے ایک بڑی کارروائی کے دوران پٹواری مشتاق احمد کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ مشتاق احمد، جو حلقہ موضع مصطفی آباد، تحصیل و ضلع وہاڑی میں تعینات تھا، پر الزام تھا کہ وہ انتقالات پاس کرنے کے لیے 25 لاکھ روپے رشوت طلب کر رہا تھا۔

اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے مقدمہ نمبر 12/24 اور 16/24 کی تحقیقات کے دوران مذکورہ رقم کے ثبوت اکٹھے کیے، جس کے بعد کارروائی عمل میں لائی گئی۔ یہ کارروائی ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب سہیل ظفر چٹھہ کی خصوصی ہدایات پر عمل میں آئی، جنہوں نے تمام ریجنل ڈائریکٹرز کو بدعنوان عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی سخت ہدایات دی ہیں۔

سرکل آفیسر منصور خان اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر انویسٹیگیشن راؤ فیصل علی خان نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے پٹواری مشتاق احمد کو گرفتار کیا۔ ترجمان اینٹی کرپشن وزیر خان لاشاری کے مطابق رشوت کی یہ رقم تحقیقات میں ثابت ہو چکی ہے۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ کرپشن فری پنجاب کے لیے کوششیں جاری رہیں گی، اور حکومت پنجاب کی زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔

ترجمان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کرپٹ عناصر کی نشاندہی کریں تاکہ انہیں انصاف کے کٹہرے میں لا کر نشان عبرت بنایا جا سکے۔

NO COMMENTS

Exit mobile version