Home صحت و تعلیم ضیاءالدین یونیورسٹی اور ڈاکٹر پنجوانی سینٹر جامعہ کراچی کے درمیان معاہدہ

ضیاءالدین یونیورسٹی اور ڈاکٹر پنجوانی سینٹر جامعہ کراچی کے درمیان معاہدہ

معاہدے کا مقصد اداروں میں تعاون بڑھانا ہے، معاہدے پر دستخط جامعہ کراچی میں اجلاس کے دوران ہوئے

بین الاقوامی مرکز کی ڈائریکٹر پروفیسرفرزانہ شاہین اورضیاء الدین یونیورسٹی کی پروفیسر طلعت مرزا نے دستخط کیے

کراچی۔ بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے تحت چلنے والے معروف تحقیقی ادارے ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیو لر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ (پی سی ایم ڈی) اور ضیا ء الدین یونیورسٹی کے کالج آف مالیکیو لر میڈیسن کے درمیان مفاہمت کی یاد داشت پر دستخظ ہوئے ہیں جس کا مقصد دونوں اداروں کے درمیان مضبوط تعاون کا سلسلہ قائم کرنا ہے جس میں اساتذہ اور محققین کا تبادلہ اور تدریسی و تحقیقی معلومات کا تبادلہ کرنا بھی شامل ہے۔ آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کی ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹرفرزانہ شاہین اور ضیا ء الدین یونیورسٹی کے کالج آف مالیکیو لر میڈیسن کی پرنسپل ریسرچ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر طلعت مرزا نے ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری، جامعہ کراچی میں بدھ کو منعقدہ ایک اجلاس کے دوران مفاہمت کی یاد داشت پر دستخط کیے۔ بین الاقوامی مرکز کی پروفیسر ڈاکٹر عصمت سلیم، پروفیسر ڈاکٹر شبانہ سمجی اور پروفیسر ڈاکٹر سید غلام مشرف سمیت دیگر آفیشل نے بھی اس تقریب میں شرکت کی جبکہ ضیا ء الدین یونیورسٹی سے ڈاکٹرشمائلہ عثمان اورڈاکٹر عائشہ اسحاق بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

پروفیسرفرزانہ شاہین نے اس موقع پرضیا ء الدین یونیورسٹی اور بین الاقوامی مرکز کے آفیشل کو معادہدے کے دستخط پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی دراصل کیمیائی، حیاتیاتی اور بائیو میڈیکل علوم کا سب سے نمایاں ادارہ ہے جہاں دنیا بھرکے طالبِ علموں کے لیے اعلیٰ معیاری تعلیمی اور تحقیقی سہولیات موجود ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ڈاکٹر پنجوانی سینٹرتدریسی و تحقیقی معیار کی بلندی کی اعتبار سے بین الاقوامی معیار ات سے جڑا ہوا ہے۔ پروفیسر طلعت مرزا نے ڈاکٹر پنجوانی سینٹر کی تعلیم و تحقیقی میں پیش کی جانی والی سہولیات کو سراہا۔ انھوں نے تعلیم و تحقیق کے شعبے میں ضیا ء الدین یونیورسٹی کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہماری جامعہ میں متعدد کلیات اور شعبہ جات میں تدریسی عمل جاری ہے جبکہ ضیا ء الدین یونیورسٹی بین الاقوامی اداروں کی رکن بھی ہے۔

Exit mobile version