Home سیاست جے یو آئی سندھ کا دریائے سندھ پر نئے کینال منصوبے اور...

جے یو آئی سندھ کا دریائے سندھ پر نئے کینال منصوبے اور ارسا ایکٹ میں ترمیم کے خلاف 21 نومبر کو کراچی میں آل پارٹیز کانفرنس

کراچی: جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) صوبہ سندھ نے دریائے سندھ پر 6 نئے کینال بنانے کے منصوبے اور ارسا ایکٹ میں ترمیم کے خلاف سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے 21 نومبر کو کراچی میں آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلے میں دوسرے روز بھی دعوتوں کا سلسلہ جاری رہا۔ یہ فیصلہ جے یو آئی سندھ کے صوبائی امیر مولانا عبد القیوم ہالیجوی کی زیر صدارت ایک اجلاس میں کیا گیا۔

اے پی سی کے لئے دعوتوں کے عمل میں جے یو آئی کے رہنماؤں نے مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین سے ملاقاتیں کیں۔ صوبائی نائب امیر قاری محمد عثمان، صوبائی قائم مقام سیکریٹری جنرل مولانا محمد صالح اندھڑ، مولانا محمد غیاث، حاجی عبدالملک ٹالپر، مولانا سمیع الحق سواتی، صوبائی سالار سلیم سندھی، اور بزنس فورم کے صدر رفیق احمد سومرو نے مسلم لیگ ن سندھ کے صدر بشیر میمن، جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ، اے این پی سندھ کے صدر شاہی سید، اور فنکشنل مسلم لیگ کے مرکزی جنرل سیکریٹری سردار عبدالرحیم سے ملاقاتیں کیں اور انہیں 21 نومبر کو کراچی میں جے یو آئی کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی۔ جے یو آئی سندھ کے دیگر رہنما بھی سیاسی جماعتوں کے قائدین کو اے پی سی میں مدعو کرنے کا عمل جاری رکھیں گے۔

جے یو آئی سندھ کے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے دریائے سندھ پر مجوزہ نئے کینال منصوبے کو سندھ کی زراعت اور کسانوں کے لیے خطرناک قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ سندھ کی لاکھوں ایکڑ زرعی زمین کو بنجر کر دے گا جبکہ اس منصوبے کا مقصد دیگر علاقوں کی غیر آباد زمین کو آباد کرنا ہے۔ علامہ راشد محمود سومرو نے اعلان کیا کہ اس انسانیت دشمن منصوبے کے خلاف ملک کے نامور علماء و مفتیان کرام سے شرعی فتویٰ بھی لیا جائے گا تاکہ اس مسئلے کو مزید واضح انداز میں سامنے لایا جا سکے۔

جے یو آئی کے میڈیا سیل کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، اے پی سی کا مقصد سندھ کے آبی وسائل کے تحفظ کے لئے سیاسی و مذہبی جماعتوں کو یکجا کرنا ہے تاکہ وفاقی حکومت پر دباؤ ڈالا جا سکے کہ وہ سندھ کے مفادات کے خلاف کسی بھی غیر منصفانہ منصوبے سے باز رہے۔

Exit mobile version