Home سیاست بلوچستان سول سیکرٹریٹ سٹاف ایسوسی ایشن انتخابات، شاہین پینل کی کامیابی

بلوچستان سول سیکرٹریٹ سٹاف ایسوسی ایشن انتخابات، شاہین پینل کی کامیابی

کوئٹہ (زیب بلوچ): بلوچستان سول سیکرٹریٹ سٹاف ایسوسی ایشن کے دو سالہ انتخابات مکمل ہو گئے، جس میں شاہین پینل نے شاندار کامیابی حاصل کر کے کامریڈ یونس زہری کو صدر اور حاجی قائم خان کاکڑ کو جنرل سیکرٹری منتخب کر لیا۔ انتخابات کا انعقاد نہایت صاف و شفاف اور جمہوری طریقے سے ہوا، جس کی نگرانی الیکشن کمیٹی کے چیئرمین قدیر کاکڑ اور ان کے ساتھیوں نے کی۔ اس موقع پر چیئرمین الیکشن کمیٹی قدیر کاکڑ نے انتخابات کے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ منتخب پینل سے امید ہے کہ وہ ملازمین کے مسائل حل کرنے میں پہلے سے زیادہ محنت کریں گے۔

انتخابات میں 1692 ووٹ ڈالے گئے جن میں سے 11 ووٹ مسترد اور 48 جعلی ووٹ قرار دیے گئے۔ الیکشن کمیٹی نے جعلی ووٹ استعمال کرنے والے پینل کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ انتخابی نتائج کے مطابق شاہین پینل نے 853 ووٹ حاصل کر کے میدان مار لیا جبکہ انصاف پینل نے 612، چاند پینل نے 186، اور سورج پینل نے 30 ووٹ حاصل کیے۔

کامیاب پینل کے نومنتخب صدر کامریڈ یونس زہری اور جنرل سیکرٹری حاجی قائم خان کاکڑ نے اپنے بیان میں کہا کہ ملازمین نے شاہین پینل پر اعتماد کر کے ان کو منتخب کیا ہے اور وہ کسی صورت اس اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جیسے پچھلے دور میں ملازمین کے حقوق کے لیے جدوجہد کی گئی، اسی طرح اس دور میں بھی ان کے مسائل حل کرنے کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھائی جائے گی۔

انتخابات کے دوران جعلی ووٹوں کا استعمال ایک تشویشناک امر ہے اور نومنتخب قیادت نے اس امر کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیٹی ان جعلی ووٹوں کے ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کرے تاکہ آئندہ انتخابات میں اس قسم کے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

Exit mobile version