ڈیرہ اسماعیل خان: وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ کی ہدایت پر گومل یونیورسٹی کے قائد اعظم کیمپس میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کے مختلف پروگراموں میں داخلوں کے لیے انٹری ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا۔
ڈائریکٹر ایڈمیشن کلیم اللہ خان کے مطابق، پورے ملک سے 1300 امیدواروں نے ایم فل کے 41 پروگرامز میں داخلے کے لیے ٹیسٹ دیا، جبکہ پی ایچ ڈی کے 31 پروگراموں میں 300 امیدواروں نے اپلائی کیا۔ وائس چانسلر کی خصوصی ہدایت پر ان امیدواروں کو بھی ٹیسٹ میں شامل ہونے کا موقع دیا گیا جو کسی قانونی یا تکنیکی وجہ سے بروقت اپلائی نہیں کر سکے تھے، تاہم انہوں نے تمام قانونی تقاضے پورے کیے۔
وائس چانسلر کی ہدایت پر رجسٹرار ظاہر شاہ نے قائد اعظم کیمپس میں امتحانی مراکز کا دورہ کیا اور امیدواروں کو فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ لیا۔ ٹیسٹ کے نتائج اور میرٹ لسٹ گومل یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر آویزاں کی جائیں گی۔ امیدوار کسی بھی معلومات کے لیے ڈائریکٹر ایڈمیشن کے دفتر سے دفتری اوقات میں رابطہ کر سکتے ہیں۔
رابطہ نمبر: 0966-920814
پی آر او، گومل یونیورسٹی