اسلام آباد: سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ 8 اکتوبر 2005 کا زلزلہ پاکستانی قوم کے لیے ایک آزمائش تھی اور قوم نے اس آزمائش کے وقت میں جس اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا اس کی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ اس زلزلے کی تباہ کاریوں اور اس کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کو ہم آج تک نہیں بھولے۔سپیکر نے کہا کہ پوری قوم 8 اکتوبر کی قدرتی آفت کے دوران اپنے پیاروں سے بچھڑ جانے والوں کے غم میں برابر کہ شریک ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 8 اکتوبر 2005کے زلزلے کی 19 ویں برسی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کیا۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ 8 اکتوبر کے زلزلے کے دوران پوری قوم اپنے مصیبت زدہ بھائیوں کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اس بے مثال قومی اتحاد اور یکجہتی نے متاثرین کو دوبارہ سے اپنے پائوں پر کھڑا ہونے کے لیے ایک نیا حوصلہ اور عزم دیا۔انہوں نے کہا کہ اس قدرتی آفت کے دوران آزاد کشمیر اور شمالی علاقوں کے 80 ہزار سے زاہد افراد شہید اور لاکھوں افراد بے گھر ہوئے۔انہوں نے کہا کہ متاثرین کی بحالی ایک مشکل مرحلہ تھا تاہم قومی اتحاد اور یکجہتی اور دوست ممالک کے تعاون سے بحالی کا یہ مشکل کام ممکن ہوا۔ سپیکر نے مزید کہا کہ آج بھی قوم کو 8 اکتوبر کے زلزلے کے بعد والے اتحاد و یکجہتی کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم نے جس طرح زلزلے جیسی بڑی آفت کا جانفشانی سے مقابلہ کیا، اسی طرح آپس کے اختلافات کو بھلا کر ملک کو درپیش چیلنجز سے بھی چھٹکارا پایا جا سکتا ہے ۔سپیکر قومی اسمبلی نے اللہ تعالی سے 8 اکتوبر 2005 کے زلزلے میں شہید ہونے والوں کے درجات کی بلندی اور وطن عزیز کو ایسی آفات سے محفوظ رکھنے کی دعا کی۔