Home علاقائی عوامی فورم کے وفد کی ڈپٹی کمشنر ہری پور سے ملاقات، صحت...

عوامی فورم کے وفد کی ڈپٹی کمشنر ہری پور سے ملاقات، صحت اور تجاوزات کے مسائل پر تبادلہ خیال

ہری پور (سرفراز خآن ترین): عوامی فورم کے وفدکی ڈپٹی کمشنر ہری پورسے ملاقات،صحت کی سہولیات،تجاوزات سمیت اہم مسائل پرتبادلہ خیال،عوامی فورم کے وفد نے چیئرمین محمد سعید قاضی ایڈوکیٹ کی قیادت میں ڈپٹی کمشنر ہری پور شوزب عباس سے ضلع ہری پور کی عوام کو درپیش اہم مسائل کے حل کے لیے ملاقات کی۔

ملاقات میں سرکاری ہسپتالوں میں صحت کی ناکافی سہولیات، تجاوزات کی وجہ سے ہونے والے مسائل، محکمہ مال کے پٹواریوں کی ہڑتال اور پرائیویٹ ملازمین کی کم از کم تنخواہ کے ایکٹ پر عمل درامد کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا وفد میں چیئرمین محمد سعید قاضی ایڈوکیٹ کے علاؤہ سینیئر وائس چیئرمین احمد سلطان ترین، جنرل سیکرٹری محمد افسر، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری شیخ شاداب فاروق، کوارڈینیٹر جمیل احمد خان، فنانس سیکرٹری راجہ محمد سلیم شامل تھے۔ احمد سلطان ترین نے تعارفی کلمات کے بعد ہری پور عوامی فارم کے اغراض و مقاصد اور مستقبل کے لائحہ عمل سے ڈپٹی کمشنرکوآگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر شوزب عباس نے وفد کو خوش امدید کہا۔ اور اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ قاضی محمد سعید نے مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ڈی ایچ کیو اسپتال ہری پور میں ناکافی سہولیات کی وجہ سے مریض ایبٹ اباد اور راولپنڈی کے اسپتالوں میں ریفر کر دیے جاتے ہیں اس لیے اسپتال کی استعداد کار کو بڑھانے کی ضرورت ہے اور چلڈرن ہسپتال کے ساتھ ساتھ ار ایچ سی کھلابٹ کو بھی جلد از جلد فنکشنل کرنے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ عارضی اور فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال ہری پور تک رسائی بڑھانے کے لیے درویش لنک روڈ کو مرمت کر کے ایمبولنس کے گزرنے کے قابل بنایا جائے اور ہسپتال کے اندر تمام لیبارٹری ٹیسٹوں کی سہولیات کو فی الفور بہتر بنایا جائے تاکہ عوام کو ممکنہ ریلیف مل سکے۔ محکمہ مال کے پٹواریوں کی ہڑتال کی وجہ سے ہونے والے مسائل کے تدارک کے لیے فوری اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ تجاوزات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سبزی منڈی کے اندر سے تجاوزات ہٹانے کا کام خوش ائند ہے اور قابل تعریف ہے اسی طرح سے ہری پور کے مین بازار اور گردونواح سے بھی تجاوزات کا مکمل خاتمہ کیا جائے تاکہ عوام کو امد و رفت میں سہولیات میسر ہو سکیں جناب احمد سلطان ترین نے کارخانہ سکول اور اسپتال میں کام کرنے والے ملازمین کی کم از کم تنخواہ کے ایکٹ پر عمل درامد اور یقینی بنانے کے حوالے سے ضروری اقدامات اٹھانے کی اہمیت پر بات کی دیگر شرکاء نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اپنے انداز میں مسائل کی اہمیت ہر بات کی۔

ڈپٹی کمشنر ہری پور شوزب عباس نے مسائل کو اپنے پاس نوٹ کیا اور ان کے ممکنہ حل کا یقین دلایا انہوں نے بتایا کہ تجاوزات ہٹانے کا کام مرحلہ وار جاری ہے اور اسے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا پٹواری ہڑتال کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ ضلعی سطح پر انتظامی معاملات حل کرتے ہوئے ڈومیسائل تصدیق کا اختیار وی سی این سی سیکرٹریز کو دے دیا گیا ہے اور دیگر پالیسی امور کے لیے کمشنر ہزارہ ڈویژن اور صوبائی حکومت کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ کم از کم تنخواہ پر عمل درآمد کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں محکمہ لیبر ڈیپارٹمنٹ اور صنعتی اداروں کے مالکان کے ساتھ معاملات پر پہلے سے بات چیت ہو رہی ہے اور مرحلہ وار طریقے سے کم ازکم ویجز ایکٹ پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال کے اندر لیبارٹری ٹیسٹ اور درویش لنک روڈ کے مسئلے کے فوری حل کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ میٹنگ کا انعقاد انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوا اور شرکاء نے رسمی اور غیر رسمی گفتگو بھی کی اور آئندہ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Exit mobile version