Home جرائم چالان کرنے پر واپڈا ملازم کا انتقام، ٹریفک سگنل کی بجلی کاٹ...

چالان کرنے پر واپڈا ملازم کا انتقام، ٹریفک سگنل کی بجلی کاٹ دی

لاہور: لاہور ٹریفک پولیس کے اہلکار کھاڑک نالہ کے مقام پر ناکہ لگائے موجود تھے۔
ٹریفک وارڈنز ہر اس گاڑی کو روک رہے تھے جو کسی بھی طرح کے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی میں ملوث تھی۔ اور اس دوران موٹر سائیکل سوار بھی قانون کے شکنجے میں آئے۔

ایک موٹر سائیکل سوار بغیر ہیلمٹ پہنے آتا دکھائی دیا تو ٹریفک وارڈن افضل نے اُسے رکنے کا اشارہ کیا۔ ٹریفک پولیس حکام کے مطابق ’جب موٹر سائیکل سوار کو روکا گیا تو اُس نے اپنے محکمے کا حوالہ دیا کہ وہ واپڈا کا ملازم ہے تاہم ٹریفک وارڈن نے چالان کر دیا۔‘

پولیس کے مطابق موٹر سائیکل سوار چالان کے بعد طیش میں آ گیا اور وارڈن کو دھمکی دی کہ ’میں تمہارا علاج کرواتا ہوں۔‘ اور پھر کچھ ہی دیر بعد اس مقام پر واپڈا کی گاڑی پہنچی اور چوک کے ٹریفک سگنل کی بجلی کاٹ دی۔

ٹریفک پولیس کے مطابق متعلقہ وارڈن نے 15 پر کال کی تو گلشن راوی پولیس نے متعلقہ ایس ڈی او کو تھانے بلا لیا۔

ڈی ایس پی رانا یونس کے مطابق دونوں فریقین میں صلح صفائی کے بعد ٹریفک سگنل کی بجلی بحال کر دی گئی۔

پولیس حکام کے مطابق گاڑی سوار ہوں یا پھر موٹر سائیکل چلانے والے شہری، وہ عام طور پر ٹریفک قوانین کی پابندی نہیں کرتے مگر جب چالان کر دیا جائے تو ہنگامہ ضرور کرتے ہیں۔

گذشتہ ہفتے 21 ستمبر کو بھی اسی طرح کا ایک واقعہ پیش آیا جب شاہ عالم چوک پر بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سوار نے چالان کے بعد ہنگامہ کیا۔

اس واقعے میں موٹرسائیکل سوار نے پہلے بھاگنے کی کوشش کی، پھر روڈ بلاک کیا اور ہنگامہ کرنے کی کوشش کی۔ حکام کے مطابق پولیس کی جانب سے منع کرنے پر نعمان نامی موٹر سائیکل سوار نے سینیئر وارڈن کے گریبان پر ہاتھ ڈالا تو پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تھانہ رنگ محل میں مقدمہ درج کر کے ملزم کو حوالات میں بند کیا۔

لاہور ٹریفک پولیس کی جانب سے بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ 19 ستمبر کو ’ہیلمٹ انفورسمنٹ مہم‘ کو ایک بار پر فعال کیا گیا اور 13 ہزار سے زائد موٹر سائیکلسٹ کو شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر روکا۔

اس کے علاوہ ہیلمٹ انفورسمنٹ مہم کے پہلے ہی روز سات ہزار بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کو چالان کے ٹکٹس جاری کیے گئے جبکہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس سسٹم کی مدد سے 4981 چالان ٹکٹس جاری ہوئے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق بغیر ہیلمٹ 7 پولیس اہلکاروں کو بھی دو، دو ہزار کے چالان ٹکٹس دیے گئے۔ چیس ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور عمارہ اطہر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ موٹرسائیکل سواروں کے پاس ہیلمٹ ہوگا تو ہی سفر کرنا ممکن ہوگا۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے بغیر ہیلمٹ 2000 روپے جرمانہ متعین ہے۔

لاہور ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والے پولیس اہلکاروں کو مصنوعی ذہانت کے ذریعے ای چالان جاری ہو رہے ہیں۔
بیان کے مطابق ‘آرٹیفشل انٹیلیجنس سسٹم سے 2 لاکھ 27 ہزار 761 چالان ٹکٹس جاری ہوئے جبکہ وارڈنز کی جانب 3 لاکھ 10 ہزار بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کےخلاف کارروائی کی گئی۔’ اس کے ساتھ ساتھ بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کا ٹریفک دفاتر میں داخلہ بھی بند کر دیا گیا۔

Exit mobile version