Home علاقائی پاکستان کی قومی ایئرلائن کا انوکھا واقعہ: پی آئی اے پرواز نے...

پاکستان کی قومی ایئرلائن کا انوکھا واقعہ: پی آئی اے پرواز نے مولانا عطاء الحق درویش کو کراچی ایئرپورٹ پر ہی چھوڑ دیا

کنفرم ٹکٹ کے باوجود جے یو آئی کے انٹرپارٹی چیف الیکشن کمشنر اور معاون الیکشن کمشنر کو سکھر جانے سے روک دیا گیا

کراچی: پاکستان کی قومی ایئرلائن پی آئی اے ایک بار پھر تنازع کا شکار ہوگئی جب کراچی سے سکھر جانے والی پرواز پی کے 536 نے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے انٹرپارٹی چیف الیکشن کمشنر مولانا عطاء الحق درویش اور معاون الیکشن کمشنر مفتی ناصر محمود کو کنفرم ٹکٹ ہونے کے باوجود پرواز میں سوار نہیں ہونے دیا۔

مولانا عطاء الحق درویش نے پی آئی اے پر الزام عائد کیا کہ انہیں اور ان کے ساتھی کو بروقت ایئرپورٹ پہنچنے کے باوجود یہ کہہ کر پرواز میں نہیں بٹھایا گیا کہ جہاز اوورلوڈ تھا اور مزید مسافروں کی گنجائش نہیں تھی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کے ٹکٹ چانس والے مسافروں کو دوگنی قیمت میں بلیک میں بیچے گئے ہیں۔

مولانا عطاء الحق درویش نے پی آئی اے کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ انہیں ٹکٹ کی رقم واپس کرنے کی پیشکش کی گئی تھی، تاہم وہ اس معاملے کو قانونی طور پر حل کریں گے۔

مولانا عطاء الحق درویش جے یو آئی سندھ کے انٹرپارٹی انتخابات کے لیے کراچی سے سکھر جارہے تھے۔

Exit mobile version