کورونا بحران کا مقابلہ کرنے کیلئے ذوالفقار علی بھٹو کے وژن کی پیروی کرنی ہوگی، بلاول

Bilawal-Bhutto-Zardari2

پاکستان پیپلز پارٹی‌ (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں‌ جاری کورونا بحران سے نمٹنے کے لیے ذوالفقار علی بھٹو شہید کے وژن کی پیروی کرنی ہوگی.

پی پی پی کے بانی رہنما اور ملک کے عظیم لیڈران میں‌ سے ایک ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر چیئرمین پی پی پی نے بیان جاری کیا.

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ حقیقی رہنما بحرانوں کے دوران عزم و ویژن سے قوم کی رہنمائی کرتے ہیں.

انہوں‌ نے مزید کہا کہ کورونا وائرس بحران کا مقابلہ کرنے کے لیے ذوالفقار علی بھٹو شہید کے وژن کی پیروی کرنی ہوگی.

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سقوط ڈھاکہ کے بعد پاکستان کی ہزاروں میل زمین اور 90 ہزار جوان دشمن کے قبضے میں تھے، ایسے میں‌ ذوالفقار علی بھٹو نے نہ صرف ہماری سرزمین اور جوان واپس کروائے، بلکہ جوہری پروگرام کی بنیاد رکھی.

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ جوہری پروگرام کا آغاز اس لیے کیا گیا تاکہ پھر کبھی ہماری خودمختاری پڑوسیوں کے رحم و کرم پر نہ ہو.

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آدھے سے زیادہ ملک گنوانے سے ہونے والی معاشی تباہی سے نمٹنے کے لیے ذوالفقار علی بھٹو نے میگا پروجیکٹس تشکیل دیے جن میں‌ اسٹیل ملز، پورٹ قاسم اور ہیوی میکینیکل کمپلیکس بھی شامل تھے.

چیئرمین پی پی پی آج کڑے وقت میں پاکستان کے عوام ایک نئے ذوالفقار علی بھٹو کی تلاش میں ہیں، ایسا لیڈر جو ہمیں آپسی اختلافات کے باوجود متحرک کرے اور اس مہلک وباء سے نکالنے کے لئے قیادت کرے.

اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستانی عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کریں گے.

انہوں‌ نے کہا کہ شہید بھٹو کے پیغام میں یقین رکھنے والے تمام لوگ اور پیپلز پارٹی کسی بھی بحران میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑ سکتے.

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اپنے اجداد کی میراث کو جاری رکھیں گے اور ہر قیمت پر اپنی عوام اور ان کے مفادات کا تحفظ کریں گے.

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *