ایف آئی اے نے بے نامی اور جعلی بینک اکاوئنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں اہم گرفتاریوں کا فیصلہ کرلیا ،بیرون ملک ملزمان کی وطن واپسی کے لئے انٹرپول سے رابطہ کیا جائے گا ،ایف آئی اے سندھ زون کے تمام افسران کی عید کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں ،سابق صدر آصف علی زرادری کے قریبی ساتھی انور مجید اور ان کے بیٹے عبدالغنی مجید کی نگرانی کے لئے 11ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں ،ہر ٹیم 12گھنٹے نگرانی پر مامور رہے گی ،قومی ادارہ امراض قلب اور کمرشل بینکنگ سرکل پر تعینات ٹیموں کی نگرانی اسسٹنٹ ڈائریکٹر کریں گے ۔ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے بے نامی اور جعلی بینک اکاوئنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں اہم گرفتاریوں کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے لئے عید کی چھٹیوں میں بھی گرفتار ملزمان انور مجید اور ان کے بیٹے عبدالغنی مجید سے تفتیش کی جائے گی ۔ایف آئی اے ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ مقدمے کی تفتیش کے لئے بننے والی تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نجف مرزا کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈائریکٹرایڈمن رابن یامین نے ایک سرکلر جاری کیا ہے جس کے مطابق ایف آئی اے سندھ زون کے تمام افسران کو عید کے دنوں میں بھی حاضر رہنے کے حکم دیا ہے اور ہدایت کی گئی ہے کہ تمام افسران اپنے موبائل فونز بند نہ کریں اور کوئی بھی افسررخصت پر شہر سے باہر نہیں جائے گا جب کہ کسی بھی وقت افسران کو خصوصی اسائمنٹ پر طلب کیا جاسکتا ہے ۔واضح رہے کہ مذکورہ مقدمے میں اہم شخصیت سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپورنے پہلے سے ضمانت حاصل کرلی ہے جب کہ ایف آئی اے نے نجی بینک کے سابق سربراہ حسین لوائی ،سابق صدر آصف علی زرادری کے قریبی ساتھی انور مجید اور ان کے بیٹے عبدالغنی مجید کو پہلے سے گرفتار کر رکھا ہے اور اس مقدمے میں نامزد دیگرملزمان بھی اہم ترین شخصیات کے قریبی مانے جاتے ہیں اور ان میں سے بعض اہم شخصیات بیرون ملک موجود ہیں ۔ایف آئی اے ذرائع نے بتایاکہ اس مقدمے میں نامزد بیرون ملک ملزمان کو وطن انٹرپول کے ذریعے لایا جائے گا اور ہدایت ملتے ہی عید کے دنوں میں بھی پاکستان میں موجود اہم شخصیات کو شامل تفتیش کرنے کے لئے ان کی گرفتاری کی جاسکتی ہے اور اسی لئے ایف آئی اے کے تمام افسران کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں ۔دوسری جانب ذرائع نے بتایا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی انور مجید اور ان کے بیٹے عبدالغنی مجید کی نگرانی کے لئے 11ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔یاد رہے کہ ملزم انور مجید اس وقت قومی ادارہ برائے امراض قلب کے وی آئی پی وارڈ کے کمرہ نمبر210میں زیر علاج ہیں جب کہ ان کے بیٹے عبدالغنی مجید کو ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل میں رکھا گیا ہے ۔ایف آئی اے ذرائع نے بتایا کہ جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے سربراہ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نجف مرزا کی ہدایت پر نگرانی پر مامور ٹیمیں انسپکٹر دیدار شیخ ،انسپکٹر رشید احمد شیخ ،انسپکٹر فصیح الدین صدیقی ،انسپکٹر آدم بلوچ ،انسپکٹر منہاج ،انسپکٹر محمد سوماراورانسپکٹر وقاص احمد پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور ان انسپکٹرز کے ساتھ ایک سب انسپکٹر ،اسسٹنٹ سب انسپکٹر اور دو ایف سی اہلکار ہوں گے اور ان ہلکاروں کی مجموعی تعداد 50ہوگی اور ان گیارہ ٹیموں میں سے ہر ٹیم کو 12گھنٹے کے لئے ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل اور قومی ادارہ برائے امراض قلب کے وی آئی پی وارڈ کے باہر تعینات کیا جائے گا ۔ایف آئی اے ذرائع نے بتایا کہ قومی ادارہ برائے امراض قلب کے وی آئی پی وارڈ پر تعینات ٹیموں کی نگرانی اسسٹنٹ ڈائریکٹربشیر سومرو اور ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل پر تعینات ٹیموں کی نگرانی اسسٹنٹ ڈائریکٹر فہد خواجہ کریں گے ۔