آصف علی زرداری کی منی لانڈرنگ کے الزام میں گرفتار ملزمان سے علیحدہ علیحدہ ملاقات

عمران خان

کراچی (الرٹ نیوز): جعلی اور بے نامی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں گرفتار انور مجید اور حسین لوائی سے سابق صدر آصف علی زرادری نے قومی ادارہ برائے امراض قلب میں علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔

 

سابق صدرِ مملکت کی جانب سے دونوں گرفتار ملزمان کو تمام قانونی معاونت کی یقین دہانی کروائی گئی۔

 

ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف علی زرادری نے اتوار کی شب کراچی میں قومی ادارہ برائے امراض قلب میں زیر علاج انور مجید اور نجی بینک کے سابق سرابرہ حسین لوائی سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔

 

ذرائع نے بتایا کہ سابق صدر آصف علی زرادری نے اپنے دونوں قریبی ساتھیوں سے ان کے کمروں میں جاکر ملاقات کی اور اس ملاقات کا دورانیہ 15 سے 30 منٹ تک رہا۔

 

واضح رہے کہ ایف آئی اے اسٹیٹ بینک سرکل میں جعلی اور بے نامی بینک اکاؤنٹس کے زریعے منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج ہے اور اس مقدمے میں نجی بینک کے سابق سربراہ حسین لوائی کو ایف آئی اے اسٹیٹ بینک سرکل نے گزشتہ ماہ گرفتار کیا تھا۔

 

حسین لوائی کو ملیر جیل منتقل کردیا گیا تھا جہاں ان کی طبیعت ناساز ہونے پر انہیں قومی ادارہ برائے امراض قلب کی دوسری منزل پر منتقل کیا گیا تھا۔

 

جب کہ انور مجید کو چند روز قبل سپریم کورٹ اسلام آباد سے باہر ایف آئی اے نے گرفتار کر کے کراچی منتقل کیا تھا تاہم کراچی منتقل ہونے کے فوری بعد انہیں دل میں تکلیف کے باعث قومی ادارہ برائے امراض قلب کی دوسری منزل پر کمرہ نمبر 210میں منتقل کیا گیا ہے۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *