ملک بھر میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 908 ہو گئی

الرٹ نیوز:ملک بھر میں کورونا وائرس کے متاثرین کی مجموعی تعداد 908 ہو گئی ۔ جبکہ پنجاب میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت کے بعد سرکاری اعداد و شمار کے تحت کورونا وائرس سے ملک میں ہلاکتوں کی تعداد7 ہوگئی ہے ۔ جبکہ ملک بھر میں لاک ڈاؤن کیا جا چکا ہے اور انتظامیہ کی مدد کے لیے ملک بھر میں فوج بھی تعینات ہے۔

جبکہ دوسری جانب وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ صوبے میں بلدیاتی انتخابات اگلے نو ماہ تک کے لیے موخر کر دیے گئے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ صوبے بھر کے سکولوں میں چھٹیاں 30 مئی تک بڑھا دی گئی ہیں۔ انھوں نے نجی سکولوں کو تجویز دی کے اس دوران بچوں سے نصف فیس وصول کی جائے۔ سماجی بہبود کے فنڈز کا استعمال کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے کیا جائے گا۔ ہم ڈاکٹرز اور طبی عملے کے تحفظ کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ میں اور میرے کابینہ کے تمام ارکان اپنی ایک ماہ کی تنخواہ کورونا سے بچاؤ کے لیے دے رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کے مطابق ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کو 11 ارب روپے کے فنڈز جاری کر دیے ہیں۔ پی ڈی ایم اے کو 2 ارب روپے کے فنڈز دئیے ہیں۔ ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کو 7 کروڑ جبکہ بلوچستان کے لیے 1 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ انھوں نے کہا لیبارٹریز کو فنکشنل کرنے کے لیے بھی فنڈز جاری کیے گئے ہیں۔

انھوں نے بتایا کے ملک میں ہنگامی صورتحال کے پیش نظر 10 ہزار نئے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی بھرتیاں کی جائیں گی۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *