علی بابا کے مالک نے پاکستان سمیت ایشیائی ممالک کو ماسک اور آلات فراہم کرنیکا اعلان کردیا۔

الرٹ نیوز : آن لائن کی معروف کمپنی علی بابا کے بانی جیک ما نے پاکستان سمیت ایشیائی ممالک کو کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ماسک اور آلات فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق آن لائن کمپنی کے مالک و چینی بزنس مین جیک ما نے پڑوسی ممالک کو کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے آلات فوری طور پر فراہم کرنے کا اعلان کیا۔

جیک ما کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ میں کہنا تھا کہ وہ فوری طور پر 18 لاکھ ماسک، 2 لاکھ 10 ہزار ٹیسٹ کٹس، 36 ہزار حفاظتی سوٹ کے ساتھ ساتھ وینٹی لیٹرز اور تھرما میٹرز فراہم کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہنگامی امداد پاکستان، افغانستان، بنگلادیش، کمبوڈیا، مالدیپ، منگولیا، نیپال سمیت دیگر ممالک کیلئے ہے۔ یہ تمام سامان فوری پہنچانا ممکن نہیں لیکن وہ پھر بھی بروقت پہنچانے کی پوری کوشش کریں گے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل جیک ما فاؤنڈیشن امریکا کو بھی کرونا وائرس کی تشخیص کے لیے ایک لاکھ کٹس فراہم کرچکی ہے جبکہ اس کے علاوہ یورپی ممالک میں بھی کرونا وائرس سے نمٹنے کا سامان عطیہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ چین کرونا وائرس کے خلاف جنگ جیتنے کے قریب ہے اور کرونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے کمی آئی ہے جبکہ یورپ میں مہلک وائرس نے تباہی مچا دی ہے اور ہزاروں افراد لقمہ اجل ہوگئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں