سندھ حکومت غریب افراد میں راشن تقسیم کرے گی

الرٹ نیوز: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے کے جزوی لاک ڈاؤن کے پیشِ نظر راشن تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

وزیر اعلیٰ سندھ کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں راشن کی تقسیم کا فیصلہ کیا گیا ۔ اجلاس میں کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز، ڈی جی رینجرز میجر جنرل عمر بخاری اور کور-5 کے بریگیڈیئر سمیع نے بھی شرکت کی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ مالز، ریسٹورنٹس کی بندش اور جسے جزوی لاک ڈاؤن کہا جارہا ہے کے ساتھ ساتھ ہم نے وائرس کا پھیلاؤ کم کرنے کی کوشش کی ہے تاکہ اس کے مطابق آئیسولیشن وارڈز اور فیلڈ ہسپتالوں کے قیام جیسے ضروری اقدامات کیے جاسکیں۔

کور کمانڈر کراچی نے صوبائی حکومت کی بروقت کوششوں کو سراہا اور روزانہ کی اجرت پر گزر بسر کرنے والے، غریب عوام کو راشن کی فراہمی پر زور دیا کہ تا کہ ان کی خوراک کی ضروریات پوری ہوسکیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ انہوں نے متعدد مخیر حضرات، این جی اوز مثلاً ایدھی، سیلانی اور دیگر کے ساتھ ملاقات میں راشن بیگز کی تیاری اور ضرورت مند، مستحق افراد کو راشن فراہم کرنے کے لیے ان سے مدد اور رہنمائی کی درخواست کی ہے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ اور کور کمانڈر نے وزیر تعلیم سعید غنی کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا جس میں کمشنر کراچی، ایڈیشنل سیکریٹری صحت علیم لاشاری اور کور-5 کے بریگیڈیئر سمیع اور ان کی ٹیم کے 2 اراکین شامل ہوں گے۔ مذکورہ کمیٹی راشن میں اشیائے خورو نوش کی مقدار کا فیصلہ اور ان کی تقسیم کے لیے طریقہ کار تشکیل دے گی۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ راشن کے تھیلوں کے لیے گودام بنائے جائیں گے اور وہاں سے پورے سندھ کو فراہمی کی جائے گی، کمیٹی اشیائے خورونوش کیے معیار اور مقدار کو یقینی بنائے گی تاہم فیصلہ کیا گیا کہ راشن کے ایک تھیلے میں ایک ماہ کا راشن دیا جائے گا۔

اس کے ساتھ یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ جن گھروں میں راشن فراہم کیا جائے گا انہیں نشان زدہ کردیا جائے گا تا کہ دوبارہ دینے سے بچا جاسکے مزید یہ کہ ایک ہیلپ لائن بھی قائم کی جائے گی جہاں مستحق افراد راشن کے لیے اپنا اندراج کرواسکیں گے اور ضروری تصدیق کے بعد انہیں راشن دے دیا جائے گا۔

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *